وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا:شہبازشریف

ایک ایک پائی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کی جا رہی ہے، لندن میں مختلف وفود سے گفتگو

بدھ 13 ستمبر 2017 22:24

وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سب کو مل کر کام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور محنت، دیانت اور میرٹ کو اپنا کر ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے اوراسی لئے پنجاب حکومت نے میرٹ اور شفافیت کو سکہ رائج الوقت بنایا ہے جس سے صوبے میں میرٹ کو فروغ ملا ہے اور شفافیت پر عملدرآمد کرتے ہوئے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔

وہ لندن میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ وسائل عوام کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، میرٹ ، معیار اور رفتار حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے اور ہمارے ترقیاتی منصوبے معیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ صحت، تعلیم،زراعت سمیت دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ عوام کی خدمت اوڑھنا بچھونا ہے، اس مقصد کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے تیزی سے کام کر رہے ہیں اور آخری سانس تک عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔