بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا مقصد عوام کا طرز زندگی بہتر بنانا ہے

چینی حکومت نے مقامی کمپنیوں کو پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی ہدایت کی ہے سی پیک عظیم منصوبہ ہے جس نے چین پاکستان دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے ،سن گوئی فینگ گوادر کی بندرگاہ خطے کو باقی دنیا سے ملانے کیلئے بنیادی میکنزم فراہم کرتی ہے،ڈاکٹر زو ہانگ کائی

بدھ 13 ستمبر 2017 21:09

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) چین کے معاشی ماہرین نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے (بی آر آئی ) کے پس منظر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی اہمیت کو نمایاں کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ دنیا کو دکھانے کیلئے ایک ایسی شاندار مثا ل ہے کہ بی آر آئی کا مطلب دنیامیں شراکت داری کو ترقی دینا اور اس سے عوام کا طرز زندگی بہتر بنانا ہے ، سی پیک شراکت داری کا مختلف ممالک کی سطح پر ایک مثالی منصوبہ ہے جو کہ دیگر ممالک کے احکامات کے مطابق رہنما اصولوں کے مطابق کام کرے گا اور شاہراہ ریشم کے آس پاس ان کی سماجی ، اقتصادی ترقی کو بہتر بنائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار اقتصادی ماہرین نے یہاں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے بارے میں ایک میڈیا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سیمینار کا اہتمام چین کے معروف اخبار پیپلز ڈیلی نے کیا تھا ، سیمینار میں اس بات کا خاص طورپر ذکر کیا گیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی پاکستان کے سیاسی اور سماجی استحکام کیلئے بڑی اہمیت ہے ، سیمینار میں پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کے صحافیوں نے بھی شرکت کی ، خطاب کرنیوالوں میں چین کے قومی ترقی و اصلاحاتی کمیشن کے سینئر ریسرچ فیلو زینگ یان شنگ،پیپلز بینک آف چائنا کے تحقیقی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سن گوئی فینگ ، ملک کے نامور بینکار ڈاکٹر کائو یوآن زینگ اور ڈپٹی چیف اکنامسٹ ڈاکٹر زو ہانگ کائی بھی شامل تھے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک عظیم منصوبہ ہے جس نے چین اور پاکستان کی دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے ، گوادر کی بندرگاہ اس خطے کو باقی دنیا سے ملانے کیلئے بنیادی میکنزم فراہم کرتی ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ کی بی آر آئی کے بارے میں تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ منصوبہ طلب اور رسد کے ڈھانچے کے لئے امید افزا ہے اور یہ بالآخر عالمی معیشت کو متوازن بنا دے گا ۔

ڈاکٹر زو ہانگ کائی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت کی طرف سے مقامی کمپنیوں کو ہدایات اور احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ سی پیک اور بی آر آئی منصوبوں کے تحت پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرے ۔انہوں نے کہا کہ چین کے صنعتی اور کمرشل بینک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت پاکستان کے بڑے بینکوں کے ساتھ تعاون اور رابطے کا مشترکہ میکنزم تشکیل دے ،چین مسلسل بی آرآئی کے رکن ممالک میں کمرشل بینکوں کی تعداد میں اضافہ کررہا ہے تا کہ خدمات کا وسیع نیٹ ورک تشکیل دیا جا سکے ،بی آر آئی منصوبے کی تکمیل کیلئے بے شمار خدمات انجام دینا ہو نگی جن میں ایجنٹ بینکس ، قرض ، لین دین کے معاملات کا تصفیہ ، کاروبار ختم کرنا اور منصوبوں کیلئے قرض جاری کرنے کے معاملات شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :