Live Updates

پی ٹی آئی کا کل چیئرنگ کراس سے داتا دربار تک ریلی نکالنے کا اعلان ، عمران خان قیادت کریں گے

کارکن 17ستمبر کو ہر پولنگ سٹیشن پر ڈیوٹی دیں گے ،دھاندلی روکیں گے‘ صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب عبدالعلیم خان

بدھ 13 ستمبر 2017 20:44

پی ٹی آئی کا کل چیئرنگ کراس سے داتا دربار تک ریلی نکالنے کا اعلان ، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) تحریک انصاف نے (کل) جمعرات 14ستمبر کو چیئرنگ کراس سے داتا دربار تک ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا جس کی قیادت عمران خان کریں گے ۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف کی ریلی کے روٹ کو حتمی شکل دی گئی جو سہ پہر 4بجے چئیرنگ کراس سے شروع ہو کر ریگل ، ہائی کورٹ ،انارکلی چوک اور ناصر باغ سے ہوتی ہوئی داتا دربار اختتام پذیر ہو گی جہاں عمران خان خطاب کریں گے اس اجلاس میں صدر سنٹرل پنجاب عبدالعلیم خان ، مرکزی نائب صدر و ایم پی اے شعیب صدیقی ،صدر لاہور اربن ولید اقبال ، ایم پی اے مراد راس ، چوہدری محمد سرور،ڈاکٹر نوشین حامد معراج ، مہر واجد عظیم ،ایم این اے منزہ حسن ،ایم پی اے سعدیہ سہیل اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سنٹرل پنجاب عبدالعلیم خان نے بتایا کہ این ای120کے ضمنی الیکشن کیلئے یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کارکنوں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو 17ستمبر کو ہر پولنگ سٹیشن پر ووٹوں کی گنتی ختم ہونے تک اپنے فرائض سر انجام دیں گے اور نواز لیگ کی طرف سے دھاندلی کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور کسی بھی قسم کی شکائیت کو فوری طور کو الیکشن کمیشن کے حکام اور میڈیا کے علم میں لایا جائے گا این ای120کے کوآرڈینیٹرز کا بھی اجلاس منعقد ہوا جس میں پولنگ ڈے کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل د ی گئی بالخصوص خواتین کے پولنگ سٹیشن کے حوالے سے سخت ترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء عبد العلیم خان نے این ای120کی یونین کونسلوں53،50 ،57،60،74اور شفیق آباد کے علاقوں میں انتخابی دفاتر کا افتتاح کیا جہاں پارٹی کارکنوں نے آتش بازی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے ان کا والہانہ استقبال کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہے کہ نواز شریف کی سیاست ماضی کا حصہ بن چکی ہے،سابق نا اہل وزیر اعظم کا حال کرپشن کیسز اور مستقبل اڈیالہ جیل میں ہے،لوٹ مار کا مال بچانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں جن سے کچھ حاصل نہیں ہو گا انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی طرح ان کو خود بھی معلوم ہے کہ چوری پکڑی جاچکی ہے اب محض نیب کیسز میں سپریم کورٹ کی نگرانی ختم کروانے کیلئے ڈرامے رچائے جارہے ہیں لیکن پیشیوں کے نوٹس جاری ہوچکے ہیں ، اونٹ کو پہاڑ کے نیچے آنا پڑے گاعبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر لحاظ سے داغدار ماضی رکھنے والا سیاسی مافیا اب حلقہ این اے 120میں کس منہ سے عوام کو روشن مستقبل کے خواب دکھا رہا ہی شہر کے پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہونے حلقہ کے مکین بادشاہی مزاج رکھنے والے بے حس حکمرانوں کو کئی بار پرکھ چکے،اس بار عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے نواز خاندان کی موروثی سیاست کا برج الٹ دینگے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات