ڈینگی کی افزائش کے حوالے سے ستمبر کا مہینہ بہت اہم ،تمام محکمے انسداد ڈینگی کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں‘ خواجہ عمران نذیر

محکمہ صحت پنجاب اسلام آباد کے ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کے اعدادو شمار حاصل کرے، تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اِن ڈور میٹنگ کریں‘وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب

بدھ 13 ستمبر 2017 20:44

ڈینگی کی افزائش کے حوالے سے ستمبر کا مہینہ بہت اہم ،تمام محکمے انسداد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) ڈینگی کی افزائش کے حوالے سے ستمبر کا مہینہ بہت اہم ہے تمام محکمے انسداد ڈینگی کے اقدامات بارے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،صوبائی اور ضلعی سطح پر ڈینگی کنٹرول کے اقدامات میں کوئی گیپ نہیں آنا چاہیے، اس وقت موثر اقدامات کا فائدہ پورے ڈینگی سیزن میں ہوگا اور بیماری قابو میں رہے گی۔

یہ بات چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سپیشل سیکرٹری پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور، ایم پی اے بیگم لبنیٰ فیصل، متعلقہ سرکاری محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز، پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس، پی آئی ٹی بی اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای او ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرح سلطان نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اُنہوں نے بتایا کہ ڈینگی سے متاثرہ اضلاع میں اِن ڈور اور آئوٹ ڈور ڈینگی سرویلنس اور دیگر اقدامات بھر پور طریقہ سے جاری ہیں اور سب سے زیادہ لاروا گرمیوں میں استعمال کئے گئے روم کولرز سے رپورٹ ہو رہا ہے جس میں جمع شدہ پانی ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بن رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ گھروں کے مکینوں کو اس سلسلہ میں سرویلنس ٹیمیں بار بار نشاندہی کرتی ہیں لیکن لوگوں کا رسپانس سست ہوتا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک پنجاب میں ڈینگی کے 116کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے 89 کا تعلق پنجاب سے ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ لاہور میں 25 راولپنڈی میں 12 ، گوجرانوالہ میں 10 اور فیصل آباد میں 6 مریض رپورٹ ہوئے ۔

خواجہ عمران نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ میں منتخب وائس چیئرمینوں اور میئر راولپنڈی سے رابطہ کرکے کمیونٹی کو ڈینگی اقدامات میں زیادہ سے زیادہ شریک کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنر حضرات محکموں کی کارکردگی بارے رپورٹ دیں اور اگر کوئی مسئلہ ہو تو فوری طور پر اُس کی نشاندہی کی جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور متعلقہ محکموں نے یہ ذمہ داری ہر صورت اُٹھانی ہے۔

کیپٹن زاہد سعید نے ہدایت کی کہ راولپنڈی محکمہ صحت کا کوئی ذمہ دار آفیسر روزانہ کی بنیاد پراسلام آباد کے ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کا ڈیٹا حاصل کرے تاکہ درست اعدادو شمار کا پتہ چل سکے۔چیف سیکرٹری نے مزید ہدایت کی کہ جس ضلع سے لاروا رپورٹ نہیں ہو رہا وہاں تھرڈ پارٹی پڑتال کے لیے لاہور سے ٹیم بھیجی جائے ۔ وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ بچوں کو ہوم ورک کے طور پر ڈینگی ہاٹ سپاٹ کے بارے چیک لسٹ دی جائے جو وہ اپنے والدین سے پُر کراکے لائیں۔

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وہ ماہرین کے ہمراہ آئندہ ہفتے کے دوران صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے خود گوجرانوالہ اور راولپنڈی جائیں گے ۔ اور اسلام آباد کے حکام کے ساتھ بھی ڈینگی کی روک تھام بارے میٹنگ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :