موجودہ حکومت نے عشروں سے زیر التواء اہم منصوبوں کی تکمیل کو بھی یقینی بنایا ہے، ارکان پارلیمان ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں، کوئی علاقہ یا حلقہ ترقی اور خوشحالی کی جانب سفر میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے گفتگو

بدھ 13 ستمبر 2017 19:53

موجودہ حکومت نے عشروں سے زیر التواء اہم منصوبوں کی تکمیل کو بھی یقینی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ترقیاتی ایجنڈے کی پیروی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عشروں سے زیر التواء اہم منصوبوں کی تکمیل کو بھی یقینی بنایا ہے، ارکان پارلیمان اپنے حلقوں میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں، کوئی علاقہ یا حلقہ ترقی اور خوشحالی کی جانب سفر میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے ۔

انہوںنے یہ بات سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور ارکان قومی اسمبلی کے متعلقہ حلقوں کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ارکان پارلیمان کو بالخصوص ان حلقوں میں ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے جو ترقیاتی کام کی رفتار کے لحاظ سے دیگر حلقوں کے برابر نہیں ہیں۔

بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ان اہم منصوبوں کی تکمیل کو بھی یقینی بنایاجو کئی عشروں سے زیر التواء تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے ترقیاتی ایجنڈے کی پیروی جاری رکھنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کوئی علاقہ یا حلقہ ترقی اور خوشحالی کی جانب سفر میں پیچھے نہ رہ جائے ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان پارلیمان پر زور دیاکہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے عوام سے اپنے رابطے کو بڑھائیں اور اس ضمن میں بھر پور کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔

وزیرا عظم سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر مملکت مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ ، وزیر مملکت محسن شاہ نواز رانجھا، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی ، سردار محمد شفقت حیات خان، ملک محمد عزیر خان، ملک شاکر بشیرعوان، عبیداللہ خان، عبدالمجید خان، ڈاکٹر محمد افضل خان ڈانڈھلا اور شہزادی عمر زادی ٹوانہ شامل تھے۔ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔