کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب خودکش حملہ، سیکورٹی اہلکار سمیت 2افراد ہلاک ،7زخمی

خودکش حملہ آور نے اسٹیڈیم کے باہر چیک پوائنٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا،حملے کے وقت کرکٹ لیگ میچ کھیلا جارہاتھا،تمام کھلاڑی محفوظ ہیں،افغان کرکٹ بورڈ

بدھ 13 ستمبر 2017 20:19

کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب خودکش حملہ، سیکورٹی اہلکار سمیت 2افراد ..
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب خودکش حملے میں 2افراد ہلاک اور 7زخمی ہوگئے ۔بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل میں ایک خودکش حملہ آور نے کابل انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب واقع ایک چیک پوائنٹ کے پاس خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2افراد ہلاک ہوگئے۔

کابل پولیس کے ترجمان بصیر مجاہد نے بتایا کہ حملہ اسٹیڈیم کے گیٹ کے قریب اس وقت کیا گیا جب سینکڑوں تماشائی میچ دیکھنے میں مصروف تھے ۔افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حملے میں تمام کھلاڑی محفوظ رہے ۔حملے کے وقت اسٹیڈیم میں کرکٹ لیگ میچ کھیلا جارہا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ایک سیکورٹی اہلکار اور ایک شہری شامل ہے ۔

(جاری ہے)

کرکٹ بورڈ کے حکا م کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فوری طور پر میچ روک دیا گیا تاہم یہ دوبارہ کھیلا جائے گا۔

شپرگیزا کرکٹ لیگ سیزن کا آغاز پیر کو ہوا تھا اور یہ 22ستمبر تک کابل انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری رہے گا۔تاحال کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔پاکستان کے سابق آل رائونڈر عبدالرزاق سمیت مختلف ممالک کو کھلاڑی اس لیگ کا حصہ ہے۔ جبکہ شاہد آفریدی نے ذاتی مصروفیات کے باعث شمولیت سے معذرت کر لی تھی۔