پنجاب فوڈ اتھارٹی:صوبہ بھرمیں338 روڈ سائیڈ ہوٹلز،ریسٹورانٹس اورفوڈ پوائنٹس کی چیکنگ

این 5نیشنل ہائی وے پرلاہورتاصادق آباد تک189ہوٹلز،راولپنڈی جی ٹی روڈ پر149ہوٹلزکی چیکنگ،بہاولپورمیں 2،جہلم میں ایک ہوٹل سیل کردیا۔ترجمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 ستمبر 2017 17:52

پنجاب فوڈ اتھارٹی:صوبہ بھرمیں338 روڈ سائیڈ ہوٹلز،ریسٹورانٹس اورفوڈ ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13ستمبر2017ء ) : لاہور سے راجن پور تک، فائیوسٹارسے روڈ سائیڈ ٹرک ہوٹل تک، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ریڈار میں خوارک سے منسلک ہر انڈسٹری، ہر فوڈ پوائنٹ ہے۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھاٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں روڈ سائیڈ ہوٹلز، ریسٹورانٹس اور فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی۔این 5نیشنل ہائی وے پر لاہور سے صادق آباد تک189ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی جبکہ لاہور سے راولپنڈی تک جی ٹی روڈ پر 149ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی ۔

مضر صحت اجزاء، گلی سڑی اشیاء کے استعمال پربہاولپور کے قریب 2ہوٹل کوسیل کیا گیا جبکہ جہلم کے قریب معروف ہوٹل کو ورکرز کی انتہائی خستہ حالت پر سر بمہر کر دیا گیا۔ ناقص صفائی، نامناسب انتظامات پر 239ہوٹلز کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ پہلے مرحلے میں تمام ہوٹلز کو قوانین کی آگاہی دی جا رہی ہے۔

ہوٹل انتظامیہ اور ورکرزکو پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹریننگ سکول میں تربیت بھی دی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں کوتاہی برتنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔برکت مارکیٹ میں واقع لاثانی برگر اینڈبریانی ،پنج ویہڑہ،کراچی بریانی ،پر چھاپے کے دوران کھلے اور غیر معیاری رنگوں کا استعمال کرنے، احاطے کا گندا ہونے ،پروڈکشن ایریا میں مکھیوں کی بھرمار،زنگ آلودہ فریزر میں اشیاء خورونوش محفوظ کرنے ،ملازمین کی نامناسب ذاتی صفائی اور میڈیکل موجود نہ ہونے،گلے سڑے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کرنے پرمجموعی طور پر 53ہزار جرمانہ عائد کیا گیا ۔

گڑھی شاہو میں حاجی ہارون کیٹرنگ ،برکت مارکیٹ میں دعا ریفریشمنٹ ،سندھی بریانی ،لاہوری بریانی ،پنج ویہڑہ جوس کارنر،لاثانی جوس کارنر،کراچی بریانی ،لاثانی برگر،کراچی کنگ برگر،الخیر کھڈاچِلوفرائی پر معائنہ کے دوران نتائج تسلی بخش پائے گیے فوڈ پوائنٹس کو فوری ای لائسنس بنوانے اور ملازمین اور احاطے کی صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :