این آئی اے کی جانب سے میاں عبدالقیوم کی دوبارہ طلبی،مقبوضہ کشمیر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا (آج ) سے ہڑتال کا اعلان

طلبی کا مقصد بار کی قیادت کو ہراساں کرنا اور ان کی تذلیل کرنا ہے، بیان

بدھ 13 ستمبر 2017 17:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم کو دوبارہ دہلی طلب کرنے کے خلاف آج (بدھ) سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ طلبی کا مقصد بار کی قیادت کو ہراساں کرنا اور ان کی تذلیل کرنا ہے۔

بیان میں کہاگیا کہ بار کے ارکان آج ہڑتال کریں گے جو میاں قیوم کی دہلی سے واپسی تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق یہ فیصلہ سرینگر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی عمارت میں بار کے جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فوجداری مقدمات درج کرنے ،آزادی پسند قیادت اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارنے اور دہلی طلب کرنے کا مقصد انہیں ہراساں کرنا ہے تاکہ وہ کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ خق، حق خود ارادیت کی حمایت کرنا چھوڑ دیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بار ارکان احتجاج کے طور پرکل سے ہڑتال کریں گے جوبار صدر کی دہلی سے واپسی تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں 15ستمبر کو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے وکلاء کا اجلاس طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :