آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی کے وسیع مواقع دستیاب ہیں ،حکومت نے سیاحتی شعبہ کی ترقی کیلئے ٹھوس پالیسی ترتیب دے رکھی ہے ،جس پر عملدرآمد جاری ہے ، راجہ محمد فاروق حیدر

سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند حضرات کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات مہیا کی جائیں گی ،لیگی حکومت راولپنڈی کوہالہ ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک لائیگی ،مانسہرہ تا مظفرآباد تا منگلا روڈ کا منصوبہ سی پیک میں شامل کیا گیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 13 ستمبر 2017 17:41

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی کے وسیع مواقع دستیاب ہیں حکومت آزادکشمیر نے سیاحتی شعبہ کی ترقی کے لیئے ٹھوس پالیسی ترتیب دے رکھی ہے اس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے جس سے آزادکشمیر سیاحت کا بین الاقوامی مرکز بنے گا اور خطہ کے اندر روزگار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند حضرات کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات مہیا کی جائیں گی ،سیاحت کی ترقی کے لیئے معیاری شاہرات کا ہونا ضروری ہے لیگی حکومت راولپنڈی کوہالہ ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک لائے گی جبکہ مانسہرہ تا مظفرآباد تا منگلا روڈ کا منصوبہ سی پیک میں شامل کیا گیا ہے اس روڈ کے سروے کا کام شروع ہو چکا ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے آزادکشمیر میں سیاحوں کو بین الاقوامی میعار کی سفری سہولیات میسئرہوں گی۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں ٹورازم کو ریڈور متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت 108کلومیٹر سیاحتی روڈ تعمیر کی جائے گی اور پیر چناسی ،نیلم ،راولاکوٹ ،سدھن گلی اور منگلا کو سیاحتی مراکز بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورازم ڈویلپمنٹ کے حوالے سے بین الاقوامی امور کا تجربہ رکھنے والے معروف سرمایہ کار ملک خالد سے ملاقات کے دوران کیااس موقع پر وزیر تعلیم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی ،سیکرٹری سیاحت و جنگلات ظہور الحسن گیلانی بھی موجود تھے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر انتہائی پرامن علاقہ ہے پورے خطے میں جرائم کی شرح پاکستان کے ایک تھانے سے بھی کم ہے اور یہاں سنگین نوعیت کے جرائم نہ ہونے کے برابر ہیں سیاح حضرات خطہ کے پرامن ماحول سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں آزادکشمیر میںامن و امان کی صورتحال سرمایہ کاری کے لیئے انتہائی موزوں ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون مہیا کرنے کے لیئے تیار ہے آزادکشمیرقدرتی حسن سے مالا مال ہے سیاحتی پالیسی کے تحت آزادکشمیر کے قدرتی حسن اور ماحول کو متاثر کیے بغیر اس شعبہ کو ترقی دیں گے۔

آزادکشمیر حکومت کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ سیاحت کے شعبہ کی ترقی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسئر آئیں آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں سیاحتی مقامات کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور سیاحتی مقامات تک معیاری شاہرات کی تعمیر یقینی بنائی جائے گی تاکہ سیاحوں کو ان مقامات تک رسائی میں آسانی ہو حکومت آزادکشمیر خطہ میں سیاحت کی ترقی کے لیئے شاہرات کی اپ گریڈیشن اور تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس مقصد کے لیئے آزادکشمیر کے 23ارب روپے کے مجموعی ترقیاتی بجٹ میںسے شاہرات کے لیئے 9ارب 40کروڑ روپے مختص کیئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :