سرکاری ریٹ لسٹ پر اشیاء کی فروخت خواب بن گئی ،سبزی کے بعد پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

بدھ 13 ستمبر 2017 17:38

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء)سرکاری ریٹ لسٹ پر اشیاء کی فروخت خواب بن گئی ،سبزی کے بعد پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں،مارکیٹ کمیٹی کی غفلت سے مقامی آڑھتیوں نے لو ٹ مار کا بازار گرم کردیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ شہر میں سبزی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی آڑھتیوں کی ملی بھگت اور مارکیٹ کمیٹی افسران کی غفلت سے پھلوں کی فروخت سرکاری نرخنامے سے دوگنا زائد جاری ہے گزشتہ روز کئے گئے سروے میں معلوم ہوا کہ انار ،سیب ،ناشپاتی ،آڑو،انگور ،اور کیلے کی قیمتیں سرکاری نرخنامے سے دو گنا زائد وصول کی جارہی ہیں گاہک حضرات جب دکاندار سے مقررہ ریٹ پر خریداری کا تقاضہ کرتے ہیں جو دکاندار اپنی خریداری کی رسیدیں دکھا کر چپ کروا دیتے ہیں مقامی فروٹ منڈی کے چند بااثر آڑھتیوں نے رائے ونڈ شہر کی منڈی کو یرغمال بنا رکھا ہے جو اپنی مرضی کے ریٹ جاری کرکے عوام کی جیبوں کا صفایا کررہے ہیں مارکیٹ کمیٹی اس بارے میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے سبزی منڈی اور فروٹ منڈی میں نیلامی کے وقت مارکیٹ کمیٹی کا عملہ غائب ہوتا ہے جس کا آڑھتی حضرات بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی من مرضی کے ریٹ دکانداروں پر مسلط کرکے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں مقامی حلقوں نے احوال کی درستگی کا مطالبہ کیا ہے ۔