یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس برطانیہ کے ساتھ پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے کی بھرپور کوشش کرے گا، جہانزیب انیس

برطانیہ کے سرمایہ کار سی پیک منصوبے میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں، خالد اقبال ملک

بدھ 13 ستمبر 2017 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اوراس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کا ادارہ برطانیہ میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کوشش کرے گا کیونکہ پاکستان کی متعدد مصنوعات برطانیہ کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔

یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کمپنی سیکرٹری جہانزیب انیس نے کہا کہ ان کے چیمبر کا ایک وفد اس سال نومبر میں کراچی ایکسپومیں شرکت کرے گا اور اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وفد کے بعض ممبران اسلام آباد اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے تا کہ پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ ملاقات کر کے پاکستان اور برطانیہ کے مابین باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 2018میں رمضان کے بعد لندن میں پاکستانی مصنوعات کی ایک نمائش منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ممبران اس نمائش میں شرکت کر کے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نجی شعبے کی دلچسپی اور شرکت پر رضا مندی کی روشنی میں نمائش کا سائز اورشعبوں کی شرکت کے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی اور آئی سی سی آئی کے اس سلسلے میں آگاہ رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا چیمبر آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر برطانیہ کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بہتر کرنا چاہتا ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ یو کے چیمبر آف کامرس پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو برطانیہ کا دورہ کرنے کیلئے ویزہ کے حصول سمیت برطانیہ کے نجی شعبے کے ساتھ ان کی ملاقاتیں کرانے میں ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے پاکستان میں کاروباری و اقتصادی سرگرمیوں کا ایک نیا دور شروع ہو گیا ہے لہذا برطانیہ کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک منصوبے میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا دونوں ممالک تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ کریں تاکہ مشترکہ تعاون کے نئے مواقعوں کو تلاش کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ پائیدار تعاون کو یقینی بنائے تا کہ دونوں ممالک کے ایس ایم ای شعبوں کے درمیان براہ راست مضبوط روابط قائم کئے جائیں جس سے باہمی تجارت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کا قریبی تعاون پاکستان اور برطانیہ کے نجی شعبوں کو قریب لانے میں فعال کردار ادا کرے گا لہذا اس سلسلے میں تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے کہا کہ دونوں ادارے پاکستان اور برطانیہ کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرنے میں ویزہ سمیت دیگر معاملات میں تمام ممکنہ تعاون فراہم کریں جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے نئے شعبے تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ پاکستان و برطانیہ کے تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرنے میں یو کے چیمبر اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے درمیان مسلسل روابط کا قیام اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

محمد اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، محمداعجاز عباسی، چوہدری وحید الدین، شیخ عامر وحید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے پاکستان و برطانیہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔