این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں عوام بیگم کلثوم نواز کو کامیاب کرائیں گے، نئے چیئرمین نیب کی تقرری بارے تمام جماعتوںسے مشاورت کی جائے گی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 13 ستمبر 2017 17:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں حلقہ کے عوام مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کو کامیاب بنائیں گے ‘ ورلڈ الیون کرکٹ ایونٹ کے آغاز سے اپوزیشن کو پتہ چلا کہ کھیل کی شروعات مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کی وجہ سے ہے، نئے چیئرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے تمام جماعتوںسے مشاورت کی جائے گی ۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے عوام باشعور ہیں، انہوں نے پہلے بھی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پر اعتماد کرکے انہیں کامیاب بنایا بلکہ تین مرتبہ نواز شریف کو اس حلقہ کی عوام نے کامیاب کیا‘ اب بھی حلقہ کی عوام کارکردگی کی بنیاد پر بیگم کلثوم نواز کو کامیاب کرائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں کا کام شور شرابہ کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کے نئے چیئرمین کی تقرری کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی لیکن ایسے شخص کا انتخاب کیا جائے گا جس کا ماضی صاف اور بے داغ ہوا ۔ ملک کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کرکٹ ایونٹ کے آغاز سے اب اپوزیشن کو پتہ چلا کہ کھیل کی شروعات مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کا نتیجہ ہیں، بہت جلد دوسرے کھیلوں کا بھی آغاز ہوگا۔