حکومت پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں فوری طور پر کمی کرے اس سے کاروباری نشوونما میں رکاوٹ آرہی ہے‘لاہور چیمبر

بدھ 13 ستمبر 2017 17:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط۔ سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں فوری طور پر کمی کرے کیونکہ اس سے کاروباری نشوونما میں رکاوٹ آرہی ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران نے پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں اضافے کی شکایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رورل ایریاز میں ٹی ایم اوز نے انڈسٹری کو فی فٹ کے حساب سے نوٹسز جاری کیے ہیں جو غیر منصفانہ ہے ۔ رورل اور اربن ایریاز کی صنعتوں سے یکساں سلوک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پراپرٹی ٹیکس ریٹ ریٹ کم نہ کیا گیا تو معاشی انفراسٹرکچر کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیوس روڈ اور ایم ایم عالم روڈ کو اے کیٹگری میں شامل کردیا گیا ہے حالانکہ ایم ایم عالم روڈ پر پراپرٹی کی کمرشل ویلیو کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کے ذریعے تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حالات پہلے ہی ٹھیک نہیں جبکہ زیادہ پراپرٹی ٹیکس ریٹ مسائل میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بہت سے تاجر دوست اقدامات اٹھائے ہیں لہذا امید ہے کہ پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں کمی لاکر تاجر برادری کے مسائل کم کیے جائیں گے۔