17ستمبر کو نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے ،پرویز ملک،عمران نذیر

بدھ 13 ستمبر 2017 16:54

17ستمبر کو نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے ،پرویز ملک،عمران نذیر
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ نواز شریف کا معاملہ عوام کی جے آئی ٹی میں آچکا ہے، 17ستمبر کو اس جے آئی ٹی کے مدعی اور منصف بھی عوام ہوں گے اور عوام کا فیصلہ سب کو ماننا پڑے گا،17ستمبر کو نئی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے ‘ 17ستمبر کو سازشیوں کو عوام سبق سکھائیں گے، نوازشریف کے ساتھ جی ٹی روڈ پر 4دن تپتی دھوپ میں کارواں چلا اور سازشیوں کے جلسے کی خالی کرسیاں ان کی ناکامی کی داستان سنا رہی ہیں، لاہور نے بتا دیا کہ سازشوں کی سیاست کرنے والے مہروں کا سیاسی مستقبل تاریک ہے، جس طرح ان کے لاہور کے جلسے کی کرسیاں خالی تھیں ،17ستمبر کو بیلٹ بکسوں سے بھی ان کے ووٹ نہیں بلکہ شیر کے ووٹ نکلیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرارکان اسمبلی رمضان صدیق بھٹی، چوہدری شہباز،سید توصیف شاہ، ڈاکٹر اسد اشرف، عامر خان، رانا احسن شرافت، جاوید اقبال چوہدری عبدالمجید چن نمبردارسمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ این ای120کے ووٹر17ستمبر کو جمہوریت کی بقا کیلئے باہر نکلیں، سی پیک کو ووٹ دیں، ملک کی ترقی کو ووٹ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ہمیشہ تباہ حال پاکستان ملااور انہوں نے ہمیشہ ابھرتا ہوا پاکستان لوٹایا، آج ہر پاکستانی پوچھ رہا ہے کہ ملک کی ترقی کو کیوں روکا جارہا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی نہیں عوام کی جنگ لڑرہے ہیں۔