بالی ووڈ فلم پدماوتی ایک بار پھر مسائل کا شکار

بدھ 13 ستمبر 2017 16:30

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) ویسے یہ کوئی نئی بات نہیں کہ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی برصغیر کی ایک رانی پر بننے والی فلم پدماوتی مسئلے کا شکار ہوئی ہو۔پدماوتی شروع سے ہی مسائل کا شکار رہی ہے، فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی فلم ٹیم پر حملہ کرکے سیٹ توڑ دیا گیا تھا، جب کہ اس کی کہانی کے خلاف بھی ہندو انتہاپسند تنظیم کی جانب سے ہندوستان بھر میں مظاہرے کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ 'پدماوتی'، کی کہانی چتور کی رانی 'پدمنی' کی زندگی پر مبنی ہے، یہ کردار اداکارہ دپیکا پڈوکون کرتی نظر آئیں گی۔فلم کی کہانی رانی پدمنی (دپیکا پڈوکون)، ان کے شوہر راجہ راول رتن سنگھ (شاہد کپور) اور علا الدین خلجی (رنویر سنگھ) کے گرد گھومتی ہے، فلم میں رنویر سنگھ نے منفی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

خبریں تھیں کہ فلم میں رانی پدمنی اور علا الدین خلجی کے درمیان نامناسب مناظر پیش کیے جائیں گے، جس کے باعث اس فلم کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔

تاہم سنجے لیلا بھنسالی نے بعد ازاں یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ اور ان کی ٹیم فلم کی اچھی طرح تحقیق کررہی ہے اور فلم میں رانی پدمنی اور علا الدین خلجی کے درمیان کسی قسم کے نامناسب مناظر نہیں فلمائے گئے۔فلم ساز کے مطابق فلم 'پدماوتی' راجپوتوں کی رانی اور ان کی عزت اور وقار پر کی گئی لڑائی کی کہانی ہے، یہ ایک ایسی فلم ہے جس پر ہر ہندوستانی کو فخر ہوگا۔لیکن اس کے باوجود ہندو انتہاپسند تنظیم راجپوت کرنی سینا کی جانب سے فلم کی ٹیم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔فلم کو رواں برس 17 نومبر کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب خبریں ہیں کہ فلم کی شوٹنگ ابھی تک مکمل نہیں کی جاسکی۔۔

متعلقہ عنوان :