بالی ووڈ ے غیر مقبول اداکار رنگاناتھ مدھاون نے کم معاوضے پر ایشوریا رائے کے ساتھ کام سے انکار کردیا

بدھ 13 ستمبر 2017 16:30

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء)سابق حسینہ عالم اور بولی وڈ کی سپر اسٹار ایشوریا رائے اور انیل کپور کی آنے والی فلم فنے خان سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ انیل کپور اور ایشوریا رائے جیسے اداکاروں کی اس فلم میں قدرے نئے اور غیر مقبول اداکار رنگاناتھ مدھاون نے 15 دن کا معاوضہ ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے طلب کیا تھا۔

خیال رہے کہ رنگاناتھ مدھاون نے عامر خان کی بلاک بسٹر تھری ایڈیٹ سے شہرت حاصل کی تھی، تاہم اب تک وہ ماسوائے چند فلموں کے کوئی اچھی فلم نہیں دے سکے۔فنے خان رومانٹک کامیڈی فلم ہے جو 2000 میں آنے والے فرینچ ڈرامہ سے متاثر ہوکر بنائی جا رہی ہے۔فنے خان کے ذریعے انیل کپور اور ایشوریا رائے 17 سال بعد ایک بار پھر بڑی اسکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، تاہم اس بار بھی وہ ایک دوسرے سے پیار کرتے نہیں بلکہ ٹرائی اینگل رومانس میں نظر آئیں گے۔

(جاری ہے)

اوم پرکاش مہرا کی اس فلم کی ریلیز کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے رواں برس کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا۔فلم ساز اوم پرکاش مہرا چاہتے تھے کہ فلم میں ایشوریا رائے کے مقابلے کسی نئے اور نوجوان چہرے کو متعارف کرایا جائے، جو فنے خان میں ایشوریا سے عشق لڑاتا نظر آئے۔فلم کی ٹیم نے سب سے پہلے ایشوریا رائے کے پریمی کا کردار ادا کرنے کے لیے رنگاناتھ مدھاون سے رابطہ کیا، جنہوں نے ڈیڑھ کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔

اتنا زیادہ معاوضہ طلب کرنے اور کم وقت دینے پر فلم کی ٹیم نے رنگاناتھ مدھاون کو تو کاسٹ نہیں کیا، لیکن اس فیصلے سے ایشوریا رائے ناراض ہوگئیں۔اطلاعات کے مطابق ایشوریا رائے بھی چاہتیں تھیں کہ ان کے مدمقابل رنگاناتھ مدھاون آئیں، وہ ان کے بجائے کسی نوجوان چہرے کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی تھیں۔تاہم فلم کی بجٹ کم ہونے اور رنگاناتھ کی جانب سے بھاری معاوضہ طلب کیے جانے کے بعد اوم پرکاش مہرا نے مجبورا ان کی جگہ راج کمار را کو کاسٹ کیا، جس پر بلآخر فلم کی دیگر ٹیم بھی راضی ہوگئی۔اب فنے خان میں ایشوریا رائے کے ساتھ راج کمار را رومانس کرتے نظر آئیں گے۔۔