مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں توانائی کا بحران عروج پر تھا ، سی این جی پر لمبی لمبی لائنیں لگی رہتی تھیں ، حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی ،وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال

بدھ 13 ستمبر 2017 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) وزیر مملکت برائے بندر گاہیں و جہاز رانی چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک میں توانائی کا بحران عروج پر تھا ، لوڈشیڈنگ 18گھنٹے تھی جبکہ سی این جی سٹیشن پر لمبی لمبی لائنیں لگی رہتی تھیں ، آئندہ چند روز میں صوبہ بلوچستان سے پیاز کی سپلائی دوسرے صوبوں کے لئے شروع ہو گی ،حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی ۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2013 ء کے عام انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کااظہار کیا جس کے نتیجہ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قیام میں آئی۔ وزیر مملکت نے کہاکہ حکومت بننے کے بعد توانائی کے بحران نے پورے ملک کو لیپیٹ میں لیا ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ چار سالوں کے دوران ملک میں توانائی کا بحران ختم ہو کر رہ گیا ہے جبکہ آئندہ سال 2018ء میں توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔

چوہدری جعفر اقبال نے کہاکہ اسی طرح سی این جی سٹیشن پر گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگی ہوتی تھیں اور سوئی گیس بحران بھی شدت اختیار کرلیا تھا۔ حکومت کی مسلسل کوششوں کے بعد قطر سے ایل این جی کے معاہدے کے بعد آج سو ئی گیس کی قلت بھی ختم ہو کررہی گئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیاز کی قلت وقتی طورپر ہے صوبہ بلوچستان میں پیاز کی فصل تیار ہو چکی ہے جس کی سپلائی چند روز میں دوسرے صوبوں کو شروع ہو گی جس کے بعد پیاز کی قیمت معمول کے مطابق آجائے گی۔

متعلقہ عنوان :