وزیر اعظم فاروق حیدر کی ہدیت پر روا ں سال آزادکشمیر کا 70واںیوم تاسیس قومی جوش و جذبہ اور شایان شان انداز میں منانے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) فرحت علی میر کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس

بدھ 13 ستمبر 2017 16:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء)وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت پر روا ں سال آزادکشمیر کا 70واںیوم تاسیس قومی جوش و جذبہ اور شایان شان انداز میں منانے کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) فرحت علی میر کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، سیکرٹری سپورٹس راجہ محمد عباس خان، سیکرٹری تعلیم ارشاد احمد قریشی، سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ظہیرالدین قریشی، سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ خواجہ محمد احسن، سربراہان محکمہ جات، ڈی آئی جی صاحبان پولیس، آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے حکام اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

یوم تاسیس کے حوالہ سے مرکز ی تقریب آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی گرائونڈ سٹی کیمپس مظفرآباد میں منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر کا 70واں یوم تاسیس 24اکتوبر 2017کو پورے تزک واحترام اور ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منانے کے لئے تقریبات کے انعقاد کو حتمی شکل دینے کے لئے سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ خواجہ محمد احسن کی سربراہی میں کمشنر مظفرآباد مظفرآباد ڈویژن، ڈی آئی جی پولیس اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی ہے ۔

یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کے زیر اہتمام یوم تاسیس کے حوالہ سے خصوصی سیمینارز اور تقریری مقابلے منعقد ہوں گے ۔ یوم تاسیس آزادکشمیر کے تمام ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی منایا جائے گا اور ڈویژنل کمشنرز صاحبان اضلاع میں یونیورسٹیز کے ساتھ ملکر یوم تاسیس کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تقریبات کے انعقاد کو حتمی شکل دیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ مرکزی تقریب میں تمام ادارے اپنے اپنے فلوٹ بھی لائیں گے اور کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں سرکاری اور نیم سرکاری ادارے اپنے اپنے سٹال بھی لگائیں گے۔

آزادکشمیر کے سکولز اور کالجز میں یوم تاسیس کے حوالہ سے تقرری مقابلے اور مباحثے بھی ہونگے۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کو دبانے کے لیے بھارتی تشدد کی بھرپور مذمت کی جائیگی۔اس حوالہ سے اخبارات میں خصوصی سپلیمنٹ بھی شائع کیے جائیں گے اور تحریر ی وتقرری مقابلہ جات بھی منعقد کیے جائیں گے۔