آزادکشمیر میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کیلئے اقدامات

سیکرٹری صحت عامہ کی صدارت میں اجلاس ‘ڈرگ انسپکٹروں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئیں

بدھ 13 ستمبر 2017 16:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء)آزادکشمیر میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کیلئے اقدامات،سیکرٹری صحت عامہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ڈرگ انسپکٹروں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئیں ۔غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

ادویات کا تعلق انسانی جانوں سے ہے ۔کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے ۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ چوہدری محمد بشیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرگ انسپکٹر اپنے ضلع کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ دیں ۔کسی کو ریاست کے اند رغیر معیاری اور دو نمبر ادویات لانے اور فروخت کرنے کی اجازت نہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ،ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ دس اضلاع کے ڈرگ انسپکٹروں کو سیکرٹری صحت عامہ نے اس حوالے سے خصوصی ٹاسک دیا ہے ۔عوام اس حوالہ سے تعاون کریں ۔کسی شکایات پر فوری محکمہ کے ذمہ داران کی توجہ دلائیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ میں میڈیا سیل قائم کیا گیا ہے جو روزانہ اخبارات کو مانیٹر کرتا ہے اور اس میں شائع ہونے والی خبروں پر متعلقہ شعبے سے رپورٹ لیتا ہے ۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ محکمہ کے 18شعبے ہیں جن کے سربراہان کی ہر روز صبح 9بجے میرے آفس میں میٹنگ ہوتی ہے جس میں سب لوگ روزانہ کی کارکردگی پیش کرتے ہیں ۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منظور احمد ،ڈی جی ڈینٹل ڈاکٹر ڈاکٹر محمد سفیر ،چیف ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر راجہ محمد حنیف ،میڈیا کوآرڈی نیٹر قاضی تنویر حسین ،پی ایس او چوہدری حسن جرال اور دیگر موجود تھے ۔