پیپلز پارٹی میں غداروں کی کوئی جگہ نہیں‘ چوہدری سجاول

بدھ 13 ستمبر 2017 16:35

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں سابق کونسلر چودھری محمد سجاول اور حاجی آصف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میں غداروں کی کوئی جگہ نہیں۔ غلام رسول عوامی سیاسی یتیم ہے ۔میرپور میں سب سے زیادہ پارٹی کو نقصان غلام رسول عوامی نے پہنچایا ہے۔سابق سٹی صدر اپنی وفاداریاں پارٹی کے مخالفین کے ساتھ نبھاتا رہا۔

جس جماعت نے عزت دی اسی سے غداری کرتا رہا۔ سیاسی لوٹوں کی اب پیپلز پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں۔ ہمیں بھی علم ہے کہ یہ نام نہاد سیاست کرنے والے کس کی زبان بول رہے ہیں۔ ہمارے قائد کے خلاف زبان درازی کی تو ان کو اوقات یاد کروا دئینگے۔پارٹی کی مرکزی قیادت کو ان کے کرتوتوں کا پتہ ہے ۔پانچ سال حکومت کے مزے لینے کے باوجود محترمہ بی بی رانی شہید کے خون سے غداری کی ہے ایسے سیاسی بونوں کا کچا چٹھا کھولیں گئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چودھری کامران ، چودھری مدثر ، چودھری جمیل اور دیگر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری سجاول نے کہا کہ سابق سٹی صدر میرپور نے ضمنی الیکشن میں اور جنرل الیکشن میں پیپلز پارٹی کے مخالف امیدوار کی سپورٹ کرتے رہے جس کے ثبوت مرکزی قیادت کو پہنچائے گئے تو ان کو سٹی صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا۔

پیپلز پارٹی شہیدوں ،غازیوں کی جماعت ہے جس میں غداروں اور لوٹوں کی کوئی گنجائش نہیں اب مرکزی قیادت دیگر غداروں کا بھی احتساب کرئے گی اور وہ بھی اب منہ میں انگلی دبائے بیٹھیں ہیں۔ اجلاس میں دیگر مقررین نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق سٹی صدر ہوش کے ناخن لیں ہم اپنے قائد کے خلاف کوئی بات نہیں سننا چاہتے اگر وہ باز نہ آئے تو پھر ہم ان کی زبان بند کروانا بھی جانتے ہیں۔ بعدازاں اجلاس میں ان جعل سازوں ، شعبدہ بازوں کی اصلیت اور پس پردہ حقائق کو پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کو بھجنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :