آزادکشمیر کے 526اساتذہ و ملازمین کمپیوٹر ز و لیب اسسٹنٹ عرصہ تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر کرب میں مبتلا

بدھ 13 ستمبر 2017 16:30

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) آزادکشمیر کے 526اساتذہ و ملازمین کمپیوٹر ز و لیب اسسٹنٹ عرصہ تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے سے شدید کرب میں مبتلا ہیں ۔کمپیوٹر ٹیچرز و لیب اسسٹنٹ کو عید جیسے مذہبی تہوار پر بھی تنخواہ کی ادائیگی نہ ہو سکی ۔سیکرٹری تعلیم سکولز کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اساتذہ در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جبکہ سیکرٹری کالجز نے دو ماہ پہلے ہی بروقت کالجز کے کمپیوٹرانسٹرکٹر ز کی توسیع کر دی تھی لیکن سکولز کے کمپویٹر ز انسٹرکٹر کی مدت ملازمت میں تاحال توسیع نہیں کی گئی جس کی وجہ سے گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ کی ادائیگی ممکن نہیں ہو سکی ۔

ایک ہی کیڈر کے کالج کے اساتذہ کو تنخواہ مل رہی ہے لیکن محکمہ سکولز کے اساتذہ کو تنخواہ کی ادائیگی نہ ہونا ظلم کی انتہا ہے ۔

(جاری ہے)

526خاندان حکومت کی بے حسی کی وجہ سے شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار اساتذہ و ملازمین کے والدین اور اساتذہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں چوہدری محمد یوسف ،حاجی محمد اسلم ،محمد عارف بٹ ،عزیز جرال ،شیخ امین وغیرہ شامل تھے ۔

اساتذہ کے والدین نے مزید کہا کہ حکومت کی یہ گڈ گورننس سمجھ سے بالا تر ہے کہ چند ملازمین کمپویٹر انسٹرکٹر ز محکمہ کالجز کو تنخواہ دی جارہی ہے جبکہ باقی سکولز کے اساتذہ کو تین ماہ سے تنخواہ نہیں دی جا رہی ایک ہی ریاست میں دو قانون چل رہے ہیں یہ پسند و ناپسند کی روش حکومت کو ختم کرنے ہمارے بچوں کو فی الفور تنخواہ کی ادائیگی کریں ۔ہم وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فی الفور یکسو کرنے کے احکامات دیں ورنہ ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے ۔