17ستمبر عوام کی جیت کا دن ہو گا‘

قائد پاکستان محمد نواز شریف ملک کی ترقی کی علامت ہیں ‘مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو کھویا ہوا مقام واپس دلایا ہے ‘کراچی سے کشمیر تک نواز شریف ہی قوم کے متفقہ لیڈر ہیں آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس کا ضیافت سے خطاب

بدھ 13 ستمبر 2017 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات ،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاہے کہ 17ستمبر عوام کی جیت کا دن ہو گا ۔قائد پاکستان محمد نواز شریف ملک کی ترقی کی علامت ہیں ۔مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک کو کھویا ہوا مقام واپس دلایا ہے ۔کراچی سے کشمیر تک نواز شریف ہی قوم کے متفقہ لیڈر ہیں ۔

پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو سرینگر تک اس کی خوشی منائی جاتی ہے ۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہارشاہنواز بٹ کی جانب سے دی جانے والی ضیافت سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔ راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہاکہ جب نواز شریف ملک میں برسر اقتدار آئے تو اس وقت کیا حالت تھی اداروں کا برا حال تھا ملک لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا ،نواز شریف نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں سے منور کر دیا ،ان کی قیادت میں ملک کی معیشت مضبوط سے مضبوط تر ہوتی گئی اور اداروں میں بہتری آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لاہور کے لوگوں نے ہمیشہ محمد نواز شریف سے وفا کی ہے اور وہ آئندہ بھی اپنے قائد کے ساتھ وفا کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر پر خم ٹھونک کر بات کی اور کشمیریوں کے مقدمے کو ٹھوس اندا زمیں پیش کیا ۔انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام نے مسلم لیگ ن کو اکثریت سے کامیاب کرایا جہاں اب قائد پاکستان کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو سرینگر تک اس کی خوشی منائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسوقت آزاکشمیر میں ترقیاتی منصوبو ں کا جال بچھایا جا رہاہے جو ایک بہتر مستقبل کی نوید ہے ۔