ْصدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے فلسطینی رہنما ڈاکٹر خالد محمود کی ملاقات

مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلم اُمہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال فلسطین اور کشمیر کے تنازعات میں گہری مماثلت ہے‘ جیسے اسرائیل نے فلسطینیوں کی سر زمین پر پر قبضہ کر کے مسلمانوں کو غلام بنا رکھا ہے ویسے ہی بھارت کشمیر کے ایک بڑے حصے میں قبضہ کر کے کشمیریوں کو اپنی سر زمین پر قتل کر رہا ہے ۔ دونوں تنازعات کے حوالے سے اقوام متحدہ اور عالمی برادری مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں‘ صدر آزاد کشمیر

بدھ 13 ستمبر 2017 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 ستمبر2017ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے فلسطینی رہنما ڈاکٹر خالد محمود کی ملاقات ، مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلم اُمہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات میں گہری مماثلت ہے ۔ جس طرح اسرائیل نے فلسطینوں کی سر زمین پر پر جابرانہ قبضہ کر کے مسلمانوں کو غلام بنا رکھا ہے اور اُن کا جینا دو بھر کر دیا ہے ۔

اس طرح بھارت کشمیر کے ایک بڑے حصے میں قبضہ کر کے کشمیریوں کو اپنی سر زمین پر قتل کر رہا ہے ۔ دونوں تنازعات کے حوالے سے اقوام متحدہ اور عالمی برادری مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ان دونوں تنازعات کی وجہ سے مسلم نوجوان یہ سمجھ رہے ہیں کہ عالمی برادری صرف مسلمان ہونے کی وجہ سے کشمیریوں اور فلسطینوں کے ساتھ امتیازی رویہ اپنائے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

اس وجہ سے انتہا پسندی بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کی جغرافیائی اور تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہا ہے ۔ اس وقت عرب دنیا بحران کا شکار ہے ۔ بعض ممالک میں خانہ جنگی ہے جس کی وجہ سے اسرائیل کو فلسطین کے حوالے سے من مانی کرنے کا موقعہ مل رہا ہے ۔ ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ اسرائیل میں جو آدمی فلسطینوں کا زیادہ قتل عام کرتا ہے ۔ اسے یہودی اپنا وزیراعظم بنا لیتے ہیں انہوں نے کہا کہ اسرائیل دنیا بھر کے امن کے لیے خطرہ ہے ۔