محکمہ وائلڈ لائف نے آزاد کشمیر میں شکار کی فیس میں بھاری اضافہ کر دیا

سمال گیم کی فیس 150روپے سے بڑھا کر 10ہزار روپے کر دی

بدھ 13 ستمبر 2017 16:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء)محکمہ وائلڈ لائف نے آزاد کشمیر میں شکار کی فیس میں بھاری اضافہ کر دیا۔ سمال گیم کی فیس 150روپے سے بڑھا کر 10ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ جس پر شکار کے شوقین حضرات نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اور شکار کی فیس فوری طور پر کم کرنے کا اپیل کی ہے۔

پاکستان کے چاروں صوبوں میں چھوٹے شکار کی فیس 2ہزار روپے مقرر ہے جبکہ آزاد کشمیر میں یہ فیس 150روپے سے بڑھا کر 10ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ آزاد کشمیر شوٹنگ اینڈ ہنٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر قاضی محمد طیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں سمال گیم یعنی چھوٹے شکار کی فیس 150روپے مقرر تھی جبکہ محکمہ وائلڈ لائف نے یہ فیس یکمشت بڑھا کر 10ہزار روپے مقرر کر دی ہے جو کہ ظلم ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ از خود شکار فیس میں اضافے کا مجاز نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ شکاری حضرات کے لیے اتنی بھاری فیس کی ادائیگی ممکن نہیں ہے ۔ شکار کے پرمٹ کی فیس اتنی ہی مقرر کی جائے جو ایک عام آدمی ادا کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اگر شکار (سمال گیم)کی فیس بڑھانی ہی مقصود ہے تو اسے پاکستان کے دیگر صوبوں کے برابر کر دیا جائے۔اور فیس کی زیادہ سے زیادہ حد 2ہزار روپے مقرر کی جائے۔