انتخاب جیتنے کے 6 ماہ کے اندر ملازمین سے کئے گئے تمام انتخابی وعدے پورے کر دیئے ہیں، شہزاد اقبال

بدھ 13 ستمبر 2017 16:17

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء)سوئی ناردرن گیس ایمپلائز یونین کے مرکزی صدر شہزاد اقبال نے کہا ہے کہ انتخاب جیتنے کے 6 ماہ کے اندر ملازمین سے کئے گئے انتخابی وعدے پورے کر دیئے ہیں۔ محکمہ کی 52 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ 8 ہزار ملازمین کیلئے قبل ازیں کروڑوں میں چلنے والا ایگریمنٹ بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

وہ گذشتہ روز سوئی گیس ایبٹ آباد دفتر میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کر ر ہے تھے۔اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرشید آفریدی، ظفراللہ خان، ملک یونس اعوان، اختر علی، لالا اعجاز احمد، نائب صدر محمدجاوید، ذزکر تنولی، عبدالقدوس، شہزادہ شعیب اور تاج حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرشید آفریدی نے اپنے خطاب میں مختلف کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مخالف گروپ سی500 ممبران نے ہمارے گروپ میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سابق چیئرمین سجاد سواتی کو اپنے گروپ میں شمولیت پر خراج تحسین پیش کیا۔ مرکزی صدر شہزاد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ کے 8 ہزار ملازمین کیلئے قبل ازیں کروڑوں میں چلنے والا ایگریمنٹ بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ دوران ملازمت وفات پانے والے ہر ملازم کے ورثا کو 18 لاکھ روپے ادائیگی کے ساتھ اس کے ایک بیٹے کو ملازمت کے علاوہ نابالغ بچوں کو 25 سال کی عمر تک میڈیکل اور دیگر مراعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تین ملازمین کو حج کی سہولت اور تمام ملازمین کو 8 ہزار روپے عید الائونس مہیا کر کے اپنے تمام انتخابی وعدے پورے کر دیئے ہیں۔۔