سنگاپور میں مسلمان خاتون بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 13 ستمبر 2017 15:06

سنگاپور میں مسلمان خاتون بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئی
سنگا پور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 ستمبر۔2017ء)سنگاپور کی پارلیمان سپیکر حلیمہ یعقوب ملک کی پہلی باحجاب مسلمان خاتون صدر منتخب ہوگئی ہیں۔الیکشن کمیشن نے حکمراں جماعت پیپلز ایکشن پارٹی سے تعلق رکھنے والی 63 سالہ حلیمہ یعقوب کو بلامقابلہ صدارتی انتخاب میں فاتح قرار دے دیا کیونکہ ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار موجود نہیں تھا۔

ملائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی حلیمہ کے مقابلے میں 4 امیدوار کھڑے ہوئے تھے تاہم دو امیدوار صالح میریکان اور فرید خان کو الیکشن کمیشن نے اس لیے نااہل قرار دے دیا کہ وہ ”چھوٹی کمپنیوں“ کے مالک تھے جب کہ دیگر دو کو اس لیے نااہل کیا گیا کہ وہ ملائی نسل سے تعلق نہیں رکھتے تھے۔ سنگاپور میں قانون ہے کہ صدارتی امیدوار کی کمپنی کے حصص کی کم از کم مالیت 37 لاکھ ڈالر ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

اگرچہ خود حلیمہ یعقوب بھی اتنی امیر کمپنی کی مالک نہیں لیکن قانون کی رو سے اسپیکر پارلیمنٹ ہونے کی حیثیت سے انہیں اس اصول سے استثنیٰ حاصل تھا۔حلیمہ سنگاپور کی دوسری مسلمان صدر ہیں اور ان سے قبل یوسف اسحاق نے 1965 میں صدارت کا منصب سنبھالا تھا۔ انہوں نے سنگاپور کی پہلی خاتون صدر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔ حلیمہ نے 1978 میں سنگاپور یونیورسٹی سے قانون میں گریجویشن کیا جبکہ ان کے شوہر بھی سنگاپور یونیورسٹی سے سائنس کے شعبے میں فارغ التحصیل ہیں۔

حلیمہ کے والد بھارتی مسلمان تھے جنہوں نے ملائی خاتون سے شادی کی۔ حلیمہ کے والد پیشے کے اعتبار سے چوکیدار تھے جن کا انتقال اس وقت ہوا جب حلیمہ کی عمر 8 سال تھی جس کی بعد ان کی ماں نے تنہا ان کی پرورش کی۔خاتون صدر کے شوہر یمنی نژاد ہیں جن کا نام محمد عبد اللہ الحبشی ہے اور ان کے 5 بچے ہیں۔ یہ خاندان سنگاپور میں 8 کمروں کے فلیٹ میں رہتا ہے اور حلیمہ نے صدر بننے کے بعد صدارتی محل میں رہنے کی بجائے اسی فلیٹ میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔