کوچ مکی آرتھر پر الزامات ،عمر اکمل پاکستان کرکٹ بورڈ کو دوسرے نوٹس پر بھی مطمئن نہ کر سکے

تحقیقاتی کمیٹی نے عمر اکمل کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ،ایک سے دو روز میں نوٹس جاری کیے جانے کا امکان

بدھ 13 ستمبر 2017 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کوچ مکی آرتھر پر الزامات سے متعلق عمر اکمل کے دوسرے جواب پر بھی مطمئن نہ ہوا۔عمر اکمل نے قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام لگایا تھا جسے مکی آرتھر نے مسترد کردیا تھا جبکہ اس حوالے سے پی سی بی نے عمر اکمل کو ایک شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس کے جواب میں پی سی بی نے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور انہیں دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے عمر اکمل کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے جواب میں انہوں نے کوڈ کی خلاف ورزی کو ہیٹ آف دی موومنٹ قرار دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی عمر اکمل کے دوسرے جواب سے بھی مطمئن نہیں ہے۔ذرائع نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے عمر اکمل کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے انہیں ایک سے دو روز میں طلبی کا نوٹس جاری کیے جانے کا امکان ہے۔