ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کا تین روزہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ کے دوسرے روز نیو ویلفیئر بلڈنگ سول سیکرٹریٹ کا دورہ

بدھ 13 ستمبر 2017 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء)ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں لگائے گئے تین روزہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ کے دوسرے روز نیو ویلفیئر بلڈنگ سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں سرکاری ملازمین کی صحت کے حوالے سے فزیکل پیرامیٹرز کا معائنہ کرنے کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہی-ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے اس موقع پر طبی معائنے کے لئے آئے ہوئے سینکڑوں سرکاری ملازمین سے انہیں فراہم کی گئی علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا-شمائل احمد خواجہ نے ہیلتھ سکریننگ کیمپ میں فرائض انجام دینے والے 8میڈیکل آفیسرز،2 لیڈی ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں کے پیرامیڈکس سے بھی ملاقات کی- سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر فیصل ظہور نے اے اسی ایس پنجاب کو بتایا کہ پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام اور پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ آف نان کمیونیکیبل ڈیزیزز کی جانب سے بھی سول سیکرٹریٹ لاہور میں لگائے گئے ہیلتھ سکریننگ کیمپ میں تشخیصی خدمات فراہم کی جارہی ہیں- ہیپاٹائٹس بی اور سی کی تشخیص کے لئے کرومیٹوگرافی ٹیکنیک استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ پی سی آر جیسے جدید ترین ٹیسٹ کی سہولت بھی کیمپ میں دستیاب ہے -جو سرکاری ملازمین باقاعدہ تشخیصی ٹیسٹ کے بعد ہیپاٹائٹس بی اور سی سے محفوظ پائے گئے ہیں ، انہیں ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے - اسی طرح پھیپھڑوںکی ٹی بی کے خدشے کا جائزہ لینے کے لئے کیمپ میںچھاتی کے ایکسرے (چسٹ) اور بلغم کے نمونوں کی فلورلسینٹ مائیکروسکوپی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے جبکہ نان کمیونیکیبل ڈیزیزز کے ماہرین سرکاری ملازمین کو ہائی بلڈپریشر، ذیابیطس، دمہ اور غیرمعمولی موٹاپے سے جنم لینے والی پیچیدہ بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لانے کے حوالے سے ضروری مشوروں اور کونسلنگ کی سہولت بھی دے رہے ہیں-یہ ہیلتھ سکریننگ کیمپ جمعرات 14ستمبرکو بھی جاری رہے گا-