احتساب عدالت کا نوازشریف‘حسن نواز اور حسین نواز کوذاتی طور پر19ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم-عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس پر مختصر سماعت کے بعد ملزمان کو نوٹس جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 13 ستمبر 2017 14:48

احتساب عدالت کا نوازشریف‘حسن نواز اور حسین نواز کوذاتی طور پر19ستمبر ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 ستمبر۔2017ء) سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس کے فیصلے میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر ریفرنس کے حوالے سے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو 19 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم کو فلیگ شپ ریفرنس، جو بیرون ملک قائم کی گئیں 16 کمپنیوں سے متعلق ریفرنس ہے، میں سمن جاری کیے۔

احتساب عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے نواز شریف کو 19 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ اس ریفرنس کے مطابق سابق وزیراعظم کے بچے حسن نواز، حسین نواز اور مریم صفدر بھی مذکورہ کمپنیوں میں اسٹیک ہولڈر ہیں۔گذشتہ روز رجسٹرار احتساب عدالت نے پاناما گیٹ تحقیقات کے حوالے سے شریف خاندان کے خلاف دائر ہونے والے 4 ریفرنسز میں سے 3 نیب ریفرنسز واپس کردیئے تھے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت نے نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کے خلاف آف شور کمپنیوں کی ملکیت کے حوالے سے دائر کیا گیا صرف ایک ریفرنس منظور کیا تھا۔قومی احتساب بیورو کو واپس کیے گئے ریفرنسز میں لندن کی ایون فیلڈ جائدادوں، جدہ کی عزیزیہ اسٹیل ملز اور موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے حوالے سے دائر کیے گئے ریفرنسز شامل تھے۔

یاد رہے کہ 8 ستمبر کو نیب نے احتساب عدالت میں 4 عبوری ریفرنسز جمع کرائے تھے، تاہم یہ ایک غیر معمولی بات ہے کہ ٹرائل کے لیے احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے ریفرنسز کو تصحیح کے لیے نیب کو لوٹا دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ نوازشریف ان دنوں لندن میں ہیں جہاں ان کی اہلیہ کلثوم نوازکینسر کے علاج کے سلسلے میں مقیم ہیں۔مسلم لیگ نون کے راہنماءاور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی کی طرف سے بتایاگیا تھا کہ میاں نوازشریف8ستمبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور10ستمبر کو عوامی رابط مہم کے تحت ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے مگر بعدازاں نون لیگ کی جانب سے نوازشریف کی وطن واپسی پر خاموشی اختیار کرلی گئی-

متعلقہ عنوان :