پودینے کی کاشت ستمبرمیں مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 13 ستمبر 2017 14:39

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) ماہرین زراعت نے پودینے کی کاشت ماہ ستمبر کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور کاشتکاروں سے کہا ہے کہ چونکہ رواں ماہ اگست سے لے کر ستمبر کے آخر تک پودینے کی کاشت کیلئے بہترین موسم ہے لہٰذا وہ اس عرصہ میں کاشت مکمل کرنے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل ہو سکے ۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر پودینے کی کاشت کیلئے ایک لاکھ 75ہزار سے 2لاکھ تک پرانے پودوں کی ٹہنیاں اور جڑوں کے ٹکڑے درکار ہوتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اگر پودینے کی کاشت کے فوراً بعدآبپاشی کر لی جائے تو اس کے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ پودینہ کی کاشت کیلئے ایسی زمین کا انتخاب بھی ضروری ہے جو زرخیز اور پانی کا بہتر نکاس رکھتی ہو ۔ انہوںنے کہا کہ جس کھیت میں پودینہ کی کاشت مطلوب ہو اس میں سبز کھاد ڈالنے سے بھی فی ایکڑ بہترین فصل حاصل ہو سکتی ہے ۔