حافظ آباد‘ علامہ پیر سید علی ذوالقرنین شاہ نقوی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے

مرحوم نے اپنی مختصر سی زندگی میں ملک کے طول و عرض میں اپنی خطابت کا سکہ منوایا‘ مرحوم کونماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا

بدھ 13 ستمبر 2017 13:47

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) جماعت اہل سنت کے جواں سال خطیب اور عالمی تنظیم اہل سنت صوبہ پنجاب کے ناظم اعلیٰ علامہ پیر سید علی ذوالقرنین شاہ نقوی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم کی عمر38برس تھی۔گزشتہ روز مرحوم کو اچانک بخار ہوا ان کو مقامی ہسپتال لے جایا گیا اور نازک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم حافظ آباد میں جامع مسجد اقصیٰ اور جامع مسجد انوار مجدد کے بیک وقت خطیب تھے۔ مرحوم ملک بھر کے علاوہ کئی بیرونی ممالک کے تبلیغی دورے کر چکے تھے۔مرحوم نے اپنی مختصر سی زندگی میں ملک کے طول و عرض میں اپنی خطابت کا سکہ منوایا۔ مرحوم کی نماز جنازہ یہاں کچہری روڈ حافظ آباد میں ادا کی گئی جس میں ملک بھر سے علماء و مشائخ ، ان کے مریدین کے علاوہ ہزاروںافراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے عقیدت مند اور مریدین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ۔ بعد ازاں مرحوم کو بڑے قبرستان ریلوے لائن والے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم پیر سید شبیر حسین شاہ حافظ آبادی اور پیر سید فدا حسین شاہ حافظ آبادی کے بھانجے اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کے ضلعی صدر سید برہان حیدر شاہ نقوی کے بھائی تھے۔مرحوم کے والد سید طالب حسین شاہ صرف دو ماہ قبل ہی انتقال کر گئے تھے۔ مرحوم نے لواحقین میں بیوہ ، چار بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔