فلم ’’پدماوتی‘‘ کو آئندہ برس 9 فروری کو ریلیز کیا جائے گا

فلم ’’پدماوتی‘‘ راجپوتوں کی رانی اور ان کی عزت اور وقار پر کی گئی لڑائی کی کہانی ہے

بدھ 13 ستمبر 2017 11:36

فلم ’’پدماوتی‘‘ کو آئندہ برس 9 فروری کو ریلیز کیا جائے گا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2017ء) فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی برصغیر کی ایک رانی پر بننے والی فلم’ ’پدماوتی‘‘ آئندہ برس 9 فروری کو ریلیز کیا جائے گا-’پدماوتی‘ شروع سے ہی مسائل کا شکار رہی ہے، فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی فلم ٹیم پر حملہ کرکے سیٹ توڑ دیا گیا تھا، جب کہ اس کی کہانی کے خلاف بھی ہندو انتہاپسند تنظیم کی جانب سے ہندوستان بھر میں مظاہرے کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ’’پدماوتی‘‘ کی کہانی چتور کی رانی’’پدمنی‘‘ کی زندگی پر مبنی ہے، یہ کردار اداکارہ دپیکا پڈوکون کرتی نظر آئیں گی۔فلم کی کہانی رانی پدمنی (دپیکا پڈوکون)، ان کے شوہر راجہ راول رتن سنگھ (شاہد کپور) اور علاؤ الدین خلجی (رنویر سنگھ) کے گرد گھومتی ہے، فلم میں رنویر سنگھ نے منفی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

خبریں تھیں کہ فلم میں رانی پدمنی اور علاؤ الدین خلجی کے درمیان نامناسب مناظر پیش کیے جائیں گے، جس کے باعث اس فلم کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔

تاہم سنجے لیلا بھنسالی نے بعد ازاں یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ اور ان کی ٹیم فلم کی اچھی طرح تحقیق کررہی ہے اور فلم میں رانی پدمنی اور علاؤ الدین خلجی کے درمیان کسی قسم کے نامناسب مناظر نہیں فلمائے گئے۔فلم ساز کے مطابق فلم ’’پدماوتی‘‘ راجپوتوں کی رانی اور ان کی عزت اور وقار پر کی گئی لڑائی کی کہانی ہے، یہ ایک ایسی فلم ہے جس پر ہر ہندوستانی کو فخر ہوگا۔

لیکن اس کے باوجود ہندو انتہاپسند تنظیم راجپوت کرنی سینا کی جانب سے فلم کی ٹیم کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔فلم کو رواں برس 17 نومبر کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب خبریں ہیں کہ فلم کی شوٹنگ ابھی تک مکمل نہیں کی جاسکی۔فلم کی شوٹنگ مکمل نہ ہونے کے باعث سنجے لیلا بھنسالی نے ’پدماوتی‘ کو آئندہ برس ریلیز کرنے کا منصوبہ بنالیا۔

ڈی این اے انڈیا نے فلم کی ٹیم کے ذرائع سے بتایا کہ فلم کے کئی ایکشن مناظر اور رنویر سنگھ یعنی علاؤ الدین خلجی کی جوانی کے مناظر ابھی تک ریکارڈ نہیں کیے جاسکے۔خبر کے مطابق فلم کے مناظر شوٹ کرنے میں متعدد ہفتے لگ سکتے ہیں، جس وجہ سے فلم کی ٹیم نے ’پدماوتی‘ کی نمائش فروری 2018 میں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق اب ’’پدماوتی‘‘ کو آئندہ برس 9 فروری کو ریلیز کیا جائے گا، تاہم فلم کی ٹیم کی جانب سے آفیشلی اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :