کالجز میں بی ایس پروگرام کا اجراء طلبہ کو سہولیات فراہمی کی جانب اہم قدم ہے، وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی

بدھ 13 ستمبر 2017 11:28

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2017ء) وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ کالجز میں بی ایس پروگرام کا اجراء طلبہ کو سہولیات فراہمی کی جانب ایبٹ آباد یونیورسٹی کا اہم قدم ہے۔ بی ایس پروگرام کالجز میں اسی صورت میں ہی کامیاب ہو سکتا ہے جب ہم اپنی پوری توانائیاں اسی کی کامیابی کیلئے صرف کریں، ایبٹ آباد یونیورسٹی ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام بھی متعارف کروا رہی ہے۔

وہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج منڈیاں میں یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کے پرنسپلز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کالجز میں حالیہ شروع ہونے والے بی ایس لیول کلاسز کے حوالہ سے منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں تمام الحاق شدہ کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وہاں پہنچنے پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج منڈیاں پروفیسر غلام رسول اور پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد پروفیسر تاج محمد نے وائس چانسلر کا استقبال کیا۔

پروفیسر غلام رسول نے اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی اور بی ایس پروگرام شروع کرنے کیلئے کالجز کا الحاق دینے اور تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ وہ ہر مثبت اقدام میں پرنسپلز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ اس موقع پر بی ایس اور ایسوسی ایٹ لیول ڈگری کیلئے پروفیسر الطاف کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کالجز میں اس پروگرام کی کامیابی کیلئے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :