لاہور ، صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری سے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں علماء کے وفد کی ملاقات

محرم الحرام میں پنجاب بھر میں امن وامان کے قیام کویقینی بنانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

منگل 12 ستمبر 2017 22:25

لاہور ، صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری سے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2017ء) صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری سے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں علماء کے وفد کی ملاقات ۔ علماء نے محرم الحرام میں پنجاب بھر میں امن وامان کے قیام کویقینی بنانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وفد میں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین حافظ شعیب الرحمن قاسمی،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا یونس حسن ،صوبائی صدر پنجاب حافظ محمد امجد،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی شامل تھے۔

وزیر اوقاف زعیم قادری نے کہا کہ امن وامان کے قیام کیلئے علماء کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ماضی کی طرح اس سال بھی محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر مثالی امن وامان کو یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ملک میں امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے وزیر اوقاف نے کہا کہ قیام پاکستان اور استحکام پاکستان کیلئے علماء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

ملک دشمن قوتیں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کرامن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کیلئے دن رات کوشاں رہتی ہیں۔ علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کریں ۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ علماء ،خطباء اور دینی قوتیں محب وطن ہیں ۔ملک میں مذہب کے نام پر دہشت گردی قتل و غارت گری خلاف اسلام ہے۔

محرم الحرام میں عوامی سطح پر امن کانفرنسیں منعقد کرکے ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا ۔انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن رد الفساد کو کامیاب بنانے کیلئے علماء کرام نے ہمیشہ منبر ومحراب سے آواز بلند کی ہے۔ یکم محرم الحرام سے دس محرم الحرام تک تمام مکاتب فکر کے علماء اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار اداکریں گے۔