میئر کراچی کے خلاف کرپشن کے حوالے سے فاروق ستار تحقیقات کروائیں،

وسیم آفتاب لڈ و یسٹ مینجمنٹ جب میئر کراچی کے اختیارات میں نہیںتو انھوں نے ملک ریاض سے کس چیز کے پیسے لئے ہیں،رہنما پی ایس پی بارشوں میں کرنٹ لگنے سے جو 40افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے،پریس کانفرنس

منگل 12 ستمبر 2017 16:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2017ء) پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے کہاہے کہ میئر کراچی کے خلاف کرپشن کے حوالے سے فاروق ستار تحقیقات کروائیںاربوں روپے کے فنڈز کہاں گئے جو بلدیاتی مسائل میں گہرے ہوئے شہر کراچی میں استعمال نہیں ہوسکے،سالڈ و یسٹ مینجمنٹ جب میئر کراچی کے اختیارات میں نہیںتو انھوں نے ملک ریاض سے کس چیز کے پیسے لئے ہیں،ہم سندھ حکومت اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے جو 40افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں کے الیکٹرک کے سی ای او کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے اور کے الیکٹرک کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے،بارشوں اور ہاکس بے کے سانحے میںجاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو پاکستان ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ حفیظ الدین،اورافتخار عالم بھی موجودتھے۔ وسیم آفتاب نے کہ کراچی شہر جو وفاق کو 70 فیصد ریونیو دیتا ہے وزیر ا عظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں حالیہ بارشوں میں 40سے زیادہ افراد کی ہلاکتوں پر افسوس تک کا اظہار نہیں کیااور نہ ہی لواحقین کے لئے جانی و مالی نقصان کے ازالے کا اعلان کیا ہم وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں میں جو چالیس سے زیادہ ہلاکتیں کرنٹ لگنے سے ہوئی ہیں اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے سی او کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی جائے اور کے الیکٹرک کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے ،بارشوں اور ہاکس بے سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کیا جائے شاہد خاقان عباسی صرف جاتی امراء کے نہیں پورے پاکستان کے وزیر اعظم ہیں، جب کراچی کے ووٹوں کی ضرورت پڑی تو صرف 25ارب روپے کے کراچی پیکیج کا اعلان کردیا گیا اور وہ بھی جھوٹے وعدے ثابت ہوئے،سندھ حکومت نے کراچی کے لئے 10ارب روپے کے فنڈ کا اعلان کیا تھاجو کہ شہر کی تباہ حال صورتحال کے باوجوداب تک جاری نہیں کیا گیا۔

انھو ں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کی اعلی قیادت نے پہلے ہی اس بات کی نشاندھی کردی تھی کہ میئر کراچی کمیشن وصول کر رہے ہیں لیکن ڈاکٹر فاروق ستار نے میئر کراچی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیاجبکہ وہ آج میئر سے اربوں روپے کے فنڈز کا حساب مانگ رہے ہیں۔اب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو چاہئے کہ وہ میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کروائیں اور کرپشن ثابت ہونے پر انھیں میئر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔وسیم آفتاب نے کہا کہ یہ بتایا جائے کہ جب سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میئر کراچی کے اختیار میں نہیں ہے توانھوں نے ملک ریاض سے کس چیز کے پیسے لئے ہیں۔ملک ریاض کو بھی یہ بات بتانا چاہئے کہ انھوں نے 10ارب روپے میئر کراچی کو کس مد میں دیئے ہیں۔