ڈاکٹر عاصم کی بلااجازت بیرون ملک روانگی پر احتساب عدالت برہم

عدالت کا ڈاکٹر عاصم کی عدم موجودگی میں بھی 462ارب روپے کرپشن کیس کی سماعت کا فیصلہ

منگل 12 ستمبر 2017 16:14

ڈاکٹر عاصم کی بلااجازت بیرون ملک روانگی پر احتساب عدالت برہم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2017ء) مقامی احتساب عدالت نے اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدرڈاکٹرعاصم حسین کی بیرون ملک روانگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کی عدم موجودگی میں بھی سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔منگل کوکراچی کی احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کرپشن کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ضابطے کی کارروائی پوری کیے بغیر ڈاکٹر عاصم کی بیرون ملک روانگی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور اس حوالے سے سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کو ریفرنس بھی بھیج دیا۔ عدالت نے فیصلہ کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ڈاکٹرعاصم کی عدم موجودگی میں بھی کیس کی سماعت کی جائے گی۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے وکلا سے استفسار کیا کہ ملزم این او سی کے بغیر کیسے بیرون ملک گیا ۔ ڈاکٹر عاصم کے وکلا نے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی جو عدالت نے مسترد کردی۔