اداروں کے مابین ٹکراو ملکی مفاد میں نہیں ،

ہم نے قومی مفاد کے تحت تمام فیصلوں کو قبول کیا، تصادم کی راہ اختیار نہیں کی،عالمی سطح پر ملکی تشخص کو بہتر طور پر اجاگر کرنے کیلئے منظم پالیسی اپنانے کی ضرورت ہے،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی گفتگو

منگل 12 ستمبر 2017 16:01

اداروں کے مابین ٹکراو ملکی مفاد میں نہیں ،
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 ستمبر2017ء) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے اداروں کے مابین ٹکراو ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ہم نے قومی مفاد کے تحت تمام فیصلوں کو قبول کیا مگر تصادم کی راہ اختیار نہیں کی۔عالمی سطح پر ملکی تشخص کو بہتر طور پر اجاگر کرنے کے لیئے منظم قومی پالیسی کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید غوث محمد شاہ سجادہ نشین پیر چھتر شریف فتح پور ضلع لیہ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ خارجہ پالیسی کو بہتر بنائے اور حکومت عوامی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی اور حکومت کے پاس عوام کے لیے کوئی منشور نہیں ۔پیپلز پارٹی کے علاوہ سب نے اقتدار میں ذاتی اثاثے بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ہم نے ہمیشہ عوامی مفادات کی سیاست کی اور یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو آسان لینے والوں کو آئندہ الیکشن میں بھر پور ٹف ٹائم ملے گا اور پیپلز پارٹی مضبوط عوامی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ رجوان عالم، ڈاکٹر جاوید اقبال کنجال ودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :