پہلی فاٹا فٹبال سپر لیگ 27 ستمبر سے قیوم سٹیڈیم پشاور میں شروع ہوگی

فاٹا کے کھلاڑیوں کے علاوہ ملک بھر کے نامور کھلاڑیوں سمیت ملائیشیا ، انڈونیشیا کے کھلاڑی بھی شرکت کرینگے ،شاہد خان شنواری لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی کٹ ٹورنامنٹ کمیٹی کی طرف سے دی جائے گی ،فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ رنر اپ کو تین لاکھ اور لیگ کے بہترین کھلاڑی ٹاپ سکورر اور بہترین کھلاڑی کو بالترتیب پچیس پچیس ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، پریس کانفرنس

پیر 11 ستمبر 2017 22:56

پہلی فاٹا فٹبال سپر لیگ 27 ستمبر سے قیوم سٹیڈیم پشاور میں شروع ہوگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) پہلی فاٹا فٹبال سپر لیگ 27 ستمبر سے قیوم سٹیڈیم پشاور میں شروع ہوگی جس میں ملائیشیاء اور انڈونیشیاء کے کھلاڑی بھی شرکت کریں گے جبکہ فاٹا کے کھلاڑیوں کے علاوہ ملک بھر کے نامور کھلا ڑی بھی اس لیگ کا حصہ ہوں گے اس بات کا اعلان فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر شاہد خان شنواری جو فاٹا فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں نے پیر کے روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے میڈیا سینٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی کٹ جس کی مالیت دس لاکھ روپے ہے کو ٹورنامنٹ کمیٹی کی طرف سے دی جائے گی جبکہ فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ رنر اپ کو تین لاکھ اور لیگ کے بہترین کھلاڑی ٹاپ سکورر اور بہترین کھلاڑی کو بالترتیب پچیس پچیس ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا ونر ٹیم وک ایک خوبصورت ٹرافی بھی دی جائے گی جس کی رونمائی بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک پر وقار تقریب میں کی جائے گی شاہد خان شنواری نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ لیگ میں بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس لیگ کے انعقاد کا مقصد پاکستان اور بالخصوص فاٹا کے مثبت امیج کو دنیا میں روشناس کرانا ہے کہ یہاں کے عوام پر امن اور کھیلوں سے پیار کرنے والے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فاٹا فٹبال سپر لیگ کو جاپان کی ٹائر بنانے والی ایک معروف کمپنی سپانسر کررہی ہے اور اس کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار خاص طور پر جاپان سے پاکستان آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپر لیگ کا فائنل دس اکتوبر کو منعقد ہوگا ۔ سکیورٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہمان کھلاریوں اور آفیشلز کو بہترین سکیورتی اور سہولیات مہیا کرنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔