وزیر داخلہ بتائیں 28 ماہ میں نیشنل ایکشن پلان کے 20 میں سے کتنے نکات پر 100فیصد عملدرآمد ہوا، دہشتگردی کی جنگ کا کریڈٹ لینے والے حکومت 28 ماہ میں متبادل بیانیہ تیار نہ کر سکی، طاہر القادری

نے 25کتب پر مشتمل متبادل بیانیہ تیارکر کے ملت اسلامیہ کی بے مثال خدمت کی،وزیر داخلہ میٹھی میٹھی باتیں کرنے کی بجائے وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور نیکٹا کی کارکردگی بتائیں پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی کا وزیر داخلہ احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو پر رد عمل

پیر 11 ستمبر 2017 22:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ بتائیں 28 ماہ میں نیشنل ایکشن پلان کے 20 میں سے کتنے نکات پر 100فیصد عملدرآمد ہوا، دہشتگردی کی جنگ کا کریڈٹ لینے والے حکومت 28 ماہ میں متبادل بیانیہ تیار نہ کر سکی، ڈاکٹر طاہر القادری نے 25 کتب پر مشتمل متبادل بیانیہ تیارکر کے ملت اسلامیہ کی بے مثال خدمت کی،گفتگو کے کھلاڑی وزیر داخلہ احسن اقبال میٹھی میٹھی باتیں کرنے کی بجائے وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور نیکٹا کی کارکردگی بتائیں۔

وہ پیر کو وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی میڈیا سے گفتگو پر اپنا رد عمل دے رہے تھے۔عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں صرف فوج نے قربانیاں دیں اور فکری و نظریاتی محاذ پر ڈاکٹر طاہر القادری اور تحریک منہاج القرآن نے کام کیا، نواز حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں قدم قدم پر روڑے اٹکائے،آپریشن میں تاخیر فوجی عدالتوں کے خلاف پراپیگنڈا اور پنجاب میں فوجی آپریشن کے خلاف مہم سے دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کا موقع ملا ترجمان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان جنوری 2015 ء میں منظور ہو اور آج 28 ماہ بعد وزیر داخلہ کہہ رہے ہیں کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر گمراہ کیا جارہا ہے، اس گمراہی کا نوٹس کیوں نہیں لیا گیا اور اس کا ذمہ دار کون ہے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف بھی سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی مہم پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیںمگراس ضمن میں حکومت کی کوئی پالیسی نظر نہیں آرہی،پاناما کیس میں سزا یافتہ خاندان کے خلاف تبصرے کرنے والوں کو تو نوٹس ملتے ہیں مگر دہشتگردی کے حق میں مہم چلانے والے گرفت سے بچے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے قائداور کارکنان امن کے فروغ کیلئے پاکستان سمیت پوری دنیا میں اپنا قومی، ملی کردار ادا کررہے ہیں ،حال ہی میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے یورپ میں سینکڑوں برٹش مسلمانوں کو انتہا پسندی اور دہشتگردی کے مضمرات کے بارے میں منعقدہ تین روزہ ورکشاپ میں لیکچرز دئیے اور گزشتہ ماہ ناروے میں خصوصی لیکچرز دئیے ۔