17 ستمبر کوانٹرا پارٹی الیکشن میں نئے عہدیداران کا انتخاب ہوگا،فیڈرل کونسل کا اجلاس طلب

ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی و صوبائی تنظیمات تحلیل کردیں:رائو عارف رضوی

پیر 11 ستمبر 2017 21:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے ترجمان رائو محمد عارف رضوی کے مطابق قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی و صوبائی تنظیمات کو تحلیل کرکے انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان کردیا ہے۔نئے عہدیداران کے چنائوں کیلئے 17 ستمبر کو پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں انٹراپارٹی الیکشن ہوگا جس کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

17 ستمبر کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے ۔مرکزی و صوبائی تنظیمات کی تحلیل کے ساتھ ہی 17 ستمبر تک نگران سیٹ اپ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جس کے مطابق برگیڈئیر (ر)محمد اقبال کو مرکزی صدر اور میاں ممتاز احمد کو مرکزی سیکرٹری جنرل کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہیں۔جنوبی پنجاب کیلئے یاسر ارشاد کو نگران صدر اور سردار ریاض خان علیانی کو نگران سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے کارکنان میں بے حد جوش و جذبہ پایا جاتا ہے،اور الیکشن کمیشن نے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے۔