بدھ مذہب کے ماننے والوں کے روحانی پیشوا دلائی لامہ بھی روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں بول پڑے

muhammad ali محمد علی پیر 11 ستمبر 2017 20:26

بدھ مذہب کے ماننے والوں کے روحانی پیشوا دلائی لامہ بھی روہنگیا مسلمانوں ..
تبت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2017ء) بدھ مذہب کے ماننے والوں کے روحانی پیشوا دلائی لامہ بھی روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں بول پڑے ہیں۔ دلائی لامہ کا کہنا ہے کہ بدھا ہوتے تو روہنگیا کی مدد کر رہے ہوتے۔ دلائی لامہ نے کہا کہ تشدد کی وجہ سے فرار ہونے والے معصوم مسلمان روہنگیا کی مدد کی جانا چاہیے کیوں کہ بدھ مت کی تعلیم یہی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ دلائی لامہ نے اس بحران پر اپنا ردعمل دیا ہے۔

دلائی لامہ کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو مسلمانوں کو دھمکا رہیں ہیں انہیں بدھا کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ ایسی حالت میں بدھا نے یقیناﹰ ان غریب مسلمانوں کی مدد کی ہوتی۔ اس تمام صورتحال پر میں انتہائی دکھی محسوس کر رہا ہوں۔ نوبل امن انعام یافتگان کی جانب سے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر جاری تشدد کی مذمت کرنے والوں میں دلائی لامہ ایک اضافہ ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ملالہ یوسف زئی، ڈیسمنڈ ٹوٹو اور شیریں عبادی اس تشدد کی کڑی مذمت کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ میانمار کی شمال مغربی ریاست راکھین میں جاری تشدد میں وہ شدت پسند بدھ پیش پیش ہیں جو ایک طویل عرصے سے وہاں آباد مسلم اقلیت روہنگیا پر مبینہ حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ جبکہ روہنگیا جن کی اکثریت کے پاس میانمار کی شہریت تک نہیں، تشدد کے حالیہ واقعات کے بعد بڑی تعداد میں راکھین سے فرار ہو کر بنگلہ دیش پہنچ چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :