ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی تنظیم نو کا کام ایک سو ستائیس برس کے بعد پہلی مرتبہ کیا جارہا ہے، خواجہ سعد رفیق

پیر 11 ستمبر 2017 21:16

ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی تنظیم نو کا کام ایک سو ستائیس برس کے بعد پہلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی تنظیم نو کا کام ایک سو ستائیس برس کے بعد اب پہلی مرتبہ کیا جارہا ہے۔ یہ ایک تاریخی کام ہے جو قومی ادارے کی فعالیت کو بڑھائے گا۔ ری سٹرکچرنگ سے تنطیم میں موجود تفاوت اور تضادات کا خاتمہ ہوگا۔ وہ ریلوے ہیڈکوارٹرزمیں پاکستان ریلویز کی ری سٹرکچرنگ میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

ری سٹرکچرنگ کمیٹی کے کنوئنیر مقصودالنبی نے اس حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں چیئرپرسن پاکستان ریلویز مسزپروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمدجاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز ، ممبرفنانس محمداکرم اور مختلف شعبوں کے سربراہوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ری سٹرکچرنگ کمیٹی کوئی معمولی کام نہیں کررہی ریلوے کے تمام شعبوں کے سربراہ اس کمیٹی سے تعاون کریں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا ایک ایک کارکن اہم ہے، کچھ لوگ کمروں میں بیٹھ کرکام کرتے ہیں کچھ کارکن دھوپ اور بارش کا بھی سامناکرتے ہیں اور ایسے کارکن بھی ہیں جو اپنی زندگیاںبھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔ تنظیم نو کرتے ہوئے ایک ایک کارکن کی خدمت ، محنت اور جانفشانی کا اعتراف اور احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ ہدایت کی کہ جن شعبوں میں ترقی کی گنجائش نہ ہو وہاں ٹائم سکیل پروموشن کا اصول لاگو کیاجائے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ دن گزر گئے جب تعلقات ، دبائو یا مختلف حیلوں بہانوں سے مراعات لے لی جاتی تھیں۔ اب تمام فیصلے میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :