اسلام آباد ہائیکورٹ میں، روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف برما سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے سے متعلق پٹیشن کی سماعت کل ہوگی

پیر 11 ستمبر 2017 21:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں روہنگیا مسلمانوں پر تاریخ کے بدترین مظالم کے خلاف برما سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے سے متعلق پٹیشن کی سماعت کل بروز منگل ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق صدر شہدا ء فاؤنڈیشن آف پاکستان طارق اسد ایڈووکیٹ کی جانب سے برما سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے متعلق دائر آئینی پٹیشن کی سماعت کریں گے۔

طارق اسد ایڈووکیٹ نے اپنی پٹیشن میں استدعا کی ہے کہ وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی رکنے کے لئے سول و ملٹری پلیٹ فارم سے عالمی سطح پر ہر ممکن اقدامات کرے۔ پٹیشن میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو حکم دے کہ وہ برما کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے برمی سفیر کو سفارتی عملے سمیت پاکستان سے بے دخل کرے اور برما میں موجود پاکستانی سفارتی عملے کو پاکستان واپس بلائے۔

(جاری ہے)

پٹیشن میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کو حکم دیا جائے کہ وہ برما کی وزیراعظم آنگ سان سوچی کو پاکستان کی جانب سے دیا گیا ایوارڈ فار ڈیموکریسی واپس لے۔ پٹیشن میں وزیراعظم پاکستان،وفاقی سیکریٹری خارجہ،وفاقی سیکریٹری دفاع اور وفاقی سیکریٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :