ملک وقوم کے مسائل کاحل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ، عنایت اللہ خان

جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے ذریعے عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے روڈ میپ رکھتی ہے پارٹی کے پاس صالح اور ایماندار قیادت موجود ہے، شمولیتی جلسے سے خطاب

پیر 11 ستمبر 2017 21:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 ستمبر2017ء) سینئر وزیر بلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ اس ملک وقوم کے مسائل کاحل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے جماعت اسلامی اس ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے ذریعے عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے روڈ میپ رکھتی ہے ،جماعت اسلامی کے پاس صالح اور ایماندار قیادت ہے۔

ہم اگر احتساب کی بات کرتے ہیں تو ہم یہ بھی اعلان کرتے ہیں کہ سب سے پہلے ہم اپنے آپ اور اپنے اراکین اسمبلی و ناظمین کو عوام کے سامنے احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی امانت و دیانت کی گواہی تو ہماری اعلیٰ عدلیہ دے چکی ہے۔دیر کی ترقی ہم پر قرض ہے اور ہم نے دیر کو صوبہ بھر میں مثالی ضلع بنانے کا عزم کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی میں شامل ہونے والوںکو خوش آمدید کہتے ہیں حاجی خان بادشاہ کی شمولیت سے جماعت اسلامی کے قوت میں اضافہ ہوا ہے ۔

وہ دیر بالا میںپاکستان پیپلز پارٹی کے تحصیل برائول کے صدر حاجی خان بادشاہ اور ان کے ساتھیوں کا پی پی پی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ جلسہ عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان ، ممبرقومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ ، ضلع ناظم صاحبزادہ فصیح اللہ ، امیر جماعت اسلامی ضلع دیر بالا حنیف اللہ خان ایڈووکیٹ ، تحصیل برائول ناظم جہان عالم خان اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر حاجی خان بادشاہ نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندان سمیت پی پی پی سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کی جماعت اسلامی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔ قوم کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ حقیقی معنوں میں ان مسائل سے نکلنا چاہتی ہے جماعت اسلامی ان کو بحرانوں سے نکلنے کا راستہ دکھائے گی۔ اب تقریروں اور نعروں سے نہیں کچھ کرکے دکھانے سے ہی کام چلے گا۔اگلے الیکشن میں قوم کو ایسا قابل عمل منشور دیں گے کہ ان کی زندگیاں بدل جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :