دارالحکومت کے ریڈ زون میں چھٹی والے دن سرکاری املاک میں آگ کیوں لگتی ہے ،ْ سینیٹر سحر کامران کا سوال

کرکٹ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان میں ورلڈ الیون کپ میں شرکت پر خوش آمدید کہتی ہوں ،ْ میڈیا سے گفتگو

پیر 11 ستمبر 2017 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر سحر کامران نے سوال اٹھایا ہے کہ دارالحکومت کے ریڈ زون میں چھٹی والے دن سرکاری املاک میں آگ کیوں لگتی ہے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دارالحکومت کے ریڈ زون کے علاقے میں چھٹی والے دن سرکاری عمارت کو کیسے آگ لگی اس کے پس پردہ کچھ مقاصد ہوں گے اس حوالے سے حکومت کو تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مرکز میں چالیس سے زیادہ سرکاری دفاتر تھے جن میں وفاقی ٹیکس محتسب اور سی پیک منصوبے کا دفتر بھی تھا۔ ان دفاتر کے ریکارڈ جل گئے ہیں، آخر سرکاری دفاتر میں چھٹی والے دن آگ کیوں لگتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی عمارت میں فائر فائٹنگ کا سسٹم کیوں نہیں تھا، اگر ضلعی انتظامیہ بروقت نیوی اور آرمی سے مدد لیتے ریکارڈ ضائع ہونے سے بچ جاتا، اس کے بعد نیوی اور آرمی سے مدد طلب کی گئی اس کا مقصد یہ ہے کہ پس پردہ کچھ بات ضرور ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا دوبارہ آغاز خوش آئند ہے، کرکٹ کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان میں ورلڈ الیون کپ میں شرکت پر خوش آمدید کہتی ہوں۔ سینیٹر سحر کامران نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں بڑی دلچسپی ہے۔

متعلقہ عنوان :