پاک آسٹریا دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور ،ْدونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر امور کا جائزہ لیا

تجارت و معیشت، سرمایہ کاری، ثقافت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع و پارلیمانی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے کے مواقع اور امکانات کی نشاندہی کی گئی‘دفتر خارجہ ایڈیشنل سیکریٹری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا

پیر 11 ستمبر 2017 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) پاک آسٹریا دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور میں پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری (یورپ) سفیر ظہیر اے جنجوعہ جبکہ آسٹریا کی طرف سے ہیڈ آف ایشیا، آسٹریلیا اور اوشنیا ڈویژن، وزارت برائے یورپ، ہم آہنگی و خارجہ امور، سفیر گیبریلا موئین شرز نے اپنے اپنے ملک کی قیادت کی۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کے وسیع تر امور کا جائزہ لیتے ہوئے بالخصوص تجارت و معیشت، سرمایہ کاری، ثقافت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع و پارلیمانی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دینے کے مواقع اور امکانات کی نشاندہی کی۔ دونوں اطراف نے اپنے اپنے خطوں میں امن اور سلامتی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بات چیت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکریٹری نے افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کے حوالے سے پاکستانی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستانی کوائف کے بارے میں بھی آسٹریائی جانب کو آگاہ کیا اور نئے نان این پی ٹی رکن ممالک کے حوالے سے معیار پر مبنی غیر امتیازی اپروچ کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں اطراف نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیر الجہتی فورموں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔