بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی کے حوالے سے فاروق ستار کا بیان کراچی کی عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے، پیپلزپارٹی ضلع شرقی

پیر 11 ستمبر 2017 20:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، لالہ رحیم اور وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی کے حوالے سے بیان کو مذاق قرار دیتے ہوئے اسے کراچی کی عوام کو دھوکہ کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام بخوبی جانتی ہے کہ ایم کیو ایم گزشتہ 30سالوں سے حکومت میں ہے اور کراچی کے احساس اداروں کا کنٹرول انہی کے ہاتھوں میں ہے مگر کرپشن اور اقرباپروری کی وجہ سے شہر میں کوئی بہتری نہیں لاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی نکاسی آب اورصفائی کے معاملات میں اگر ایم کیو ایم کے پاس کوئی عملی پلاننگ یا ہوم ورک ہوتا تو کراچی کے عوام کو ان مسائل سے چھٹکارا مل جاتا مگر ایم کیو ایم محض لسانی اور تفریق کی سیاست کے طرف گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے ہر دور میں عوامی رابطہ مہم، شکایتی مہم کے نام پر محض عوام کا پیسہ ضیاع اور فوٹو سیشن کے علاوہ کوئی کام سرانجام نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پورا کراچی گواہ ہے کہ ان کے منتخب کردہ نمائندے حالیہ بارشوں میں خواب وخرگوش کے مزے لیتے رہے اور جو اکا دکاسڑکوں پر تھے وہ محض اختیارات کا رونا رو رہے تھے۔