مسلم لیگ فنکشنل کاسندھ میں خراب طرز حکمرانی کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان

ستمبر کو حیدرآباد میں ورکرز کنونش طلب ، سندھ بھر میں تنظیم سازی کے لئے ڈویژنل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی فیصلہ، پیر صدرالدین شاہ راشدی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

پیر 11 ستمبر 2017 20:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے سندھ میں خراب طرز حکمرانی کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا، کراچی میں ورکرز کنونشن کی بھرپور کامیابی کے بعد 17 ستمبر کو حیدرآباد میں ورکرز کنونش طلب کرلیا۔سندھ بھر میں تنظیم سازی کے لئے ڈویژنل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی فیصلہ، فنکنشل لیگ کے بڑے فیصلے صوبائی صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق فنکشنل لیگ کا اہم اجلاس صوبائی صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار رحیم، سندھ اسمبلی میں فنکشنل لیگ کے پارلیمانی لیڈر نند کمار گوکلانی، صوبائی سیکریٹری اطلاعات کریم بخش شیخ، رکن سندھ اسمبلی حاجی خدا بخش راجڑ سمیت ارکان سندھ اسمبلی اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ سندھ میں بدترین طرز حکمرانی کے خلاف عوامی رابطہ مہم چلائے جائے گی جسکا آغاز رواں ماہ حیدرآباد سے کیا جائیگا حیدرآباد میں سترہ ستمبر بروز اتوار فنکشنل لیگ کا ورکرز کنونشن طلب کرلیا گیا ہے جس سے پارٹی قیادت سمیت دیگر رہنما خطاب کرینگے صوبے میں خراب طرز حکمرانی سے سندھ کے لوگوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اجلاس میں تنظیم سازی کے لئے ڈویژنل سطح پر آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ابتدائی طور پر کراچی میں ڈویژنل کمیٹی کا اعلان کیا گیا جو اضلاع کی سطح پر تنظیم سازی کے لئے نام تجویز کریگی جسکی حتمی منظوری صوبائی صدر پیر صدرالدین شاہ راشدی دینگے۔

(جاری ہے)

حیدرآباد میں ورکرز کنونشن کراچی میں کامیاب ورکرز کنونشن کی کڑی ہے جسکا سلسلہ سندھ کے دیگر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز تک جاری رہیگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیر صدرالدین شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ سندھ میں پینے کے صاف پانی سے لیکر، زرعی پانی، صفائی ستھرائی، امن وامان، اسٹریٹ کرائم، ٹریفک کے مسائل سمیت دیگر مسائل ہیں ہمارا صوبہ مسائلستان بنا دیا گیا ہے ہر فرد پریشانی کا شکار ہے، بے روزگاری اور غربت عروج پر ہے ان مسائل کے حل کے لئے صوبے میں عوامی رابطہ مہم وقت کی ضرورت ہے انہوں نے پارٹی کارکنان و عہدیداران کو بھی متحرک ہونے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :