اسلام آباد پولیس کے ایک سال کے اندر ریٹائرہونیوالے افسران و ملازمین کو پنشن کاغذات جلد از جلد تکمیل کے احکامات جاری

ریٹائر ہونے والے افسران و ملازمان کے لئے ڈویژنز کی سطح پر الوداعی تقاریب کا اہتمام کیا جائے ، انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد خالد خٹک

پیر 11 ستمبر 2017 20:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) اسلام آباد پولیس کے ایسے تما م افسران و ملازمان جو ایک سال کے اندر ریٹائرہونے والے ہیں ان کے پنشن کے کاغذات کی جلد از جلد تکمیل کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔ریٹائر ہونے والے افسران و ملازمان کے لئے ڈویژنز کی سطح پر الوداعی تقاریب کا اہتمام کیا جائے ۔اسی طرح اگلے رینک پر ترقی پانے والے افسرا ن کے اعزاز میں بھی تقاریب ہوں گی جس میں ان کو رینک لگائے جائیں گے۔

یہ احکامات انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد خالد خٹک نے پولیس ملازمان کی ویلفئیر کے سلسلہ میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے دوران جاری کئے ۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد خالد خٹک نے پولیس ملازمان کی ویلفئیر کے لئے احکامات جاری کر دئیے۔

(جاری ہے)

پولیس ملازمان کی ویلفئیر کے سلسلہ میں سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ شعبہ ہائے پولیس کے افسران نے شرکت کی ۔

آئی جی اسلام آباد نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے ایسے تمام افسران و ملازمان جو ایک سال کے اندر محکمہ سے ریٹائر ہوں گے ان کے پنشن کے کاغذات کی گورنمنٹ کے قوانین کے مطابق قبل از وقت تکمیل کی جائے تاکہ ایسے تمام پولیس ملازمان کو پنشن کے وقت کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ریٹائر ہونے سے پہلے پنشن کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہوں۔

اسی طرح ریٹائر ہونے والے تما م افسران و ملازمان کے لئے الوداعی تقاریب کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ ان کو باعزت طریقے سے الوداع کیا جائے ۔آئی جی اسلام آباد نے مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام افسران و ملازمان جو اگلے رینک میں ترقی پاتے ہیں ان کے لئے بھی ڈویژنز کی سطح پر تقاریب کا اہتمام کیا جائے جس میں سینئر افسران کی جانب سے ان کو رینک لگائے جائیں ۔

اس سلسلہ میں تمام متعلقہ دفاتر اور ڈویژنز کو احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔آئی جی اسلام آباد محمد خالد خٹک نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے نہ صرف پولیس افسران و جوانوں کا مورال بلند ہوگا بلکہ محکمہ پولیس کا وقار بھی بلند ہوگا۔پولیس ملازمان کی ویلفئیر کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔انہوں نے تمام سینئر افسران کو ہدایات کیں کہ وہ اپنے ماتحت عملہ کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور ان کے صحت اوردیگر مسائل کو احسن طریقے سے حل کروانے کی بھرپور کوشش کریں ۔

متعلقہ عنوان :