گورنر سندھ سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات

ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کراچی آپریشن ،وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کراچی پیکج اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا کراچی ترقیاتی پیکج سے شہر میں تبدیلی یقینی ہے ،گورنر سندھ ، وفاق کراچی میں 75 ارب روپے کے ترقیاتی کام کروارہاہے، احسن اقبال

پیر 11 ستمبر 2017 20:57

گورنر سندھ سے وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،کراچی آپریشن،صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں،وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کراچی پیکج اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے گورنر سندھ کو فریضہ حج کی ادائیگی پر مبارک باد بھی دی ۔

ملاقات میں اس عزم کااظہار کیا گیا کہ صوبہ میں مثالی امن و امان کے قیام کے لئے بلا تفریق و دبائو اقدامات کو ہر صورت یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا جبکہ شہر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ اور معاشی حب ہے،اس کی ترقی میں ہی پاکستان کی ترقی مضمر ہے،امن و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی شعبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،کراچی کی ترقی با الخصوص امن و امان کے قیام کے لئے وفاقی و صوبائی حکومت ایک پیج پر ہیں ۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ اور نجی سیکٹر بھی فعال کردار ادا کررہا ہے، نئی صنعتوں کے قیام سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسر آرہے ہیں ،وفاقی معاشی پالیسی کے تسلسل سے جاری رہنے سے اس کے سب سے زیادہ مثبت نتائج بھی کراچی سے حاصل ہورہے ہیں ، سی پیک منصوبہ سے قبل صنعتی و پورٹس کے علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے، سرمایہ کاری میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لئے خصوصاً صنعتی علاقوں کے انفرا اسٹرکچر کا بہتر ضروری ہے، وفاق کا کراچی ترقیاتی پیکج اور شہر میں جاری میگا پروجیکٹس سے شہر میں خوشگوار تبدیلی یقینی ہے،کراچی پیکج میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے نجی شعبہ پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی اس کی نگرانی کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں وفاقی حکومت کے تعاون سے میگا پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ان میں آٹھ سال سے تعطل کا شکار لیاری ایکسپریس اب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ گرین لائن منصوبہ شہریوں کو آمدو رفت کی جدید ترین سہولیات فراہم کریگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں چند ماہ قبل گورنر ہائوس میں غیر ملکی سفارت کاروں کو مدعو کرکے کراچی کے موجودہ حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی جس پر غیر ملکی سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ آج کا کراچی ماضی سے باالکل بر عکس ہے ، امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے ، غیر ملکی سفارت کاروں نے یقین دلایا کہ اس ضمن میں و ہ اپنے اپنے ممالک کے سرمایہ کاروں کو اس جانب راغب کرینگے ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اس ضمن میں حکومتی اقدامات سے صوبہ میں جرائم کی بیخ کنی میں مدد ملے گی اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کا بھرپورتعاون بھی صوبہ کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے ہر علاقہ کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے ،لیاری ایکسپریس ،گرین لائن اور کے فور وفاقی حکومت کے اسی وژن کا حصہ ہیںکیونکہ آمدو رفت کی بہتر سہولیات کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پہلے ہی کراچی میں 50 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، کراچی پیکج کے 25 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کے بعد یہ رقم بڑھ کر 75 ارب روپے ہو گئی ہے۔